اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )متحدہ عرب امارات نے جدید ٹیکنالوجی کی طرف ایک اور قدم اٹھایا ہے اور چہرے کی شناخت پر مبنی بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے جو مستقبل قریب میں شناختی کارڈ (ایمریٹس آئی ڈی) کی جگہ لے سکتا ہے۔
اماراتی وزیر صحت و تحفظ اور وفاقی قومی کونسل کے امور کے وزیر مملکت نے کہا کہ نیا نظام مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے کام کرے گا، جس میں چہرے کی شناخت اور انگلیوں کے نشانات شامل ہوں گے اسے اگلے سال تک پورے ملک میں نافذ کیا جا سکتا ہے۔
جدید نظام کے تحت امارات کے رہائشی ، شہری مختلف سرکاری خدمات تک رسائی یا ہوائی اڈے پر سفر کرتے وقت صرف اپنا چہرہ دکھا کر اپنی شناخت ثابت کر سکیں گے۔
یہ خبربھی پڑھیں ۔چینی اے آئی ایپ ڈیپ سیک نے دنیا کو حیران کر دیا
اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ سیکورٹی اور سہولت میں بھی اضافہ ہوگا،یہ نظام فی الحال ابوظہبی اور دبئی کے ہوائی اڈوں پر جزوی طور پر کام کر رہا ہے، ابوظہبی کا زید بین الاقوامی ہوائی اڈہ پہلے سے ہی سرکاری ڈیٹا استعمال کرنے والے مسافروں کی شناخت کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کا استعمال کرتا ہے۔
دبئی ایئرپورٹ کی سمارٹ ٹنل سیکنڈوں میں پاسپورٹ کنٹرول مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔.نیا نظام شناخت کے عمل کو بہت سے شعبوں جیسے ووٹنگ، ہوائی اڈے میں داخلے اور سرکاری خدمات میں تیز محفوظ اور آسان بنائے گا۔