پاکستان ویمنز ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کیلئے کوالیفائی کرلیا

لاہور:پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ ویمنز ٹیم کو 87 رنز سے شکست دے دی اور اس کے ساتھ ہی 2025 میں بھارت میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کیلئے اپنی جگہ یقینی بنا لی۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اگرچہ ابتدا میں بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوئی اور 85 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، لیکن اوپنر سدرہ امین نے 105 گیندوں پر 80 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اننگز کو سنبھالا۔

کپتان فاطمہ ثناء نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر ناقابلِ شکست 62 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہوں نے سدرہ امین کے ساتھ 97 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی، جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 205 رنز بنائے۔

تھائی لینڈ کی جانب سے تھپچا پتاوونگ نے 26 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ مایا اور کامچومفو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم 34.4 اوورز میں صرف 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی باؤلنگ لائن نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فاطمہ ثناء نے 33 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ اسپنرز نشرا سندھو اور رمین شمیم نے بھی 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

تھائی لینڈ کی کوئی بھی بیٹر 20 رنز کا ہندسہ عبور نہ کر سکی ناناپت کونچارونکائی 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔یہ پاکستان ویمنز ٹیم کی کوالیفائرز میں مسلسل چوتھی فتح تھی، جس کے ساتھ ہی وہ ورلڈ کپ 2025 میں شرکت کی اہل بن گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 35ویں نیشنل گیمز،ٹیبل ٹینس کیلئے 5میل،5فی میل کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل

Scroll to Top