یونین کونسل بھیڈی کے مسائل حل ہونے لگے: وزیر اعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر اعلیٰ حکام کا دورہ

وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انور الحق کی خصوصی ہدایت پر کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن، ڈی آئی جی پونچھ ریجن سردار ظہیر احمد خان، ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ عمران شاہین اور ایس ایس پی حویلی نے یونین کونسل بھیڈی کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس دورے کے دوران کمشنر پونچھ مسعود الرحمن نے کہا کہ یونین کونسل بھیڈی ایک دور افتادہ علاقہ ہے جہاں بے شمار مسائل درپیش ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہر ماہ دس دن کے لیے ایک ایکسٹرا، اسسٹنٹ کمشنر کو بھیڈی میں مامور کیا جائے گا تاکہ عوام کے ڈومیسائل اور باشندہ ریاست سرٹیفیکیٹس موقع پر ہی تصدیق کیے جا سکیں۔

کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ یونین کونسل بھیڈی کو رابطہ کرنے والی تمام سڑکوں کی مرمت کے لیے سکیمیں مرتب کی جائیں اور تین روز کے اندر کمشنر آفس ارسال کی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بھیڈی ہائیڈرو پاور کی بجلی صرف یونین کونسل بھیڈی تک محدود رکھنے اور نئے علاقوں کو اس میں شامل نہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

کمشنر مسعود الرحمن نے اس بات پر زور دیا کہ یونین کونسل بھیڈی میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور بجلی کے بل بذریعہ ڈاک خانہ بھیڈی میں ہی وصول کیے جائیں تاکہ عوام کو طویل فاصلہ طے کرنے کی زحمت نہ ہو۔

آخر میں انہوں نے پاک آرمی، کمانڈر 6 اے کے بریگیڈ، کمانڈنگ آفیسرز مجاہد بٹالین اور 14 پنجاب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے شدید برفباری اور سخت موسم کے باوجود نہ صرف عوام کو علاج کی سہولتیں فراہم کیں بلکہ سڑکوں کی بحالی میں بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ کمشنر نے پاک فوج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Scroll to Top