مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر کے وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی کی زیر صدارت محکمہ صحت عامہ کا جائزہ اجلاس، بائیومیٹرک حاضری، ریفرل سسٹم اپ ڈیٹ، ہیومن ریسوس کی صورتحال کا جائزہ، ملازمین کی سالانہ کارکردگی رپورٹس، ادویات کی خرید، ایمرجنسی ادویات کی خرید، لینڈ ریکارڈ، ایمبولینسوں اور دیگر مسائل پر بریفنگ لی۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت عامہ بریگیڈیئر فرید خان، ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر فاروق احمد نور سمیت تمام اضلاع کے ہیلتھ آفیسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی نے کہا کہ ملازمین اور ڈاکٹرز کی سو فیصد بائیومیٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائے،جن امراض کا علاج آزادکشمیر میں موجود ہے ان سے متعلقہ مریضوں کو بیرون آزادکشمیر ریفر نہ کیا جائے ۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔ڈاکٹرز کے مطالبات پورے کردئیے اب وہ اپنے فرائض بھی پورے کریں، ڈاکٹر نثار انصر ابدالی
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ادویات کی ہمہ وقت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تمام ہسپتالوں میں ایمبولینسز کو فنکشنل حالت میں ہونا چا ہیے۔
ادویات کی خرید کے سلسلہ میں بقایا جات کی تفصیل فراہم کی جائے تاکہ انکی ادائیگی کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین محبت اور لگن سے کام کریں انکے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا، کسی بھی ہسپتال سے متعلق کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔
آزادکشمیر کے دور دراز علاقوں کے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔