afghan refujees

راولاکوٹ ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے 156 افغان مہاجرین کی باعزت واپسی

راولاکوٹ(کشمیر ڈیجیٹل) افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے،راولاکوٹ ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے 156 افغان مہاجرین کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔

روانگی کے وقت افغان مہاجرین غم زدہ تھے، افغان بچوں کے چہروں پراُداسی چھائی ہوئی تھی، عوام کی طرف سے افغانیوں سے اظہار ہمدردی کیا گیا جبکہ انتظامیہ نے بھی ان کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ۔

افغان مہاجرین کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر پونچھ اور ایس ایس پی پونچھ کا کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پورے ضلع میں 403 افغان مہاجرین تھے  کچھ رضا کارانہ طور پر چلے گئے تھے ،156 افغان شہری یہاں سے ڈی پورٹ ہوئے اس سے پہلے جو گئے ہیں وہ 78 تھے ٹوٹل 232 افغانیوں کو اپنے علاقے میں بھیج دیا گیا   ۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ۔آزادکشمیر سے بھی افغان شہریوں کی واپسی شروع، ڈی ایس پی باغ الوداع کرتے ہوئے آبدیدہ

انتظامی افسران کا کہنا تھا کہ تیس اپریل تک باقی بھی بھیج دئیے جائیں گے اس کے بعد حکومتی پالیسی کے مطابق احکامات پر عمل کیا جائے گا  ۔

انتظامیہ   کامزید کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ مہاجرین کو سیکورٹی حصار میں بھیجیں ، ہم انہیں ٹرانسپورٹ کی سہولت دے رہے ہیں، مال بردار گاڑیاں بھی دے رہے ہیں ۔

ہم ان کو الوداع کرتے ہیں تو ایک طریقہ کار کے تحت کرتے ہیں،دکھ ہمیں بھی ہوتا ہے ہماری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں ۔

ہم بارڈر پر فہرستوں کا باقاعدہ تبادلہ کرتے ہیں اور مکمل ایک طریقہ کار کے تحت چل رہے ہیں ۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔آزاد کشمیر سمیت ملک بھر سے افغان باشندوں کی واپسی کا سلسلہ ڈیڈ لائن کے بعد بھی جاری

افغانیوں کے انخلاء سے متعلق شہریوں کا کہنا تھا کہ پالیسی غریبوں ، سرمایہ داروں سب کے لئے برابر ہو نی چاہیے اور ان کا انخلا بلا تفریق و بلا تخصیص ہونا چاہیے۔

یہ نہ ہوکہ غریبوں کو نکال دیا جائے اور سرمایہ داروں کو کچھ نہ کہا جائے اگر بعد میں پالیسی تبدیل ہوگئی تو ہم اس صورت میں احتجاج بھی کرسکتے ہیں۔

ہم چاہتے ہیں کہ حکومتی پالیسی کے تحت تمام چیزیں ہونی چاہیں لیکن بلا تخصیص انخلا ء کیا جائے اور پالیسی سب کیلئے برابر ہونی چاہیے ۔

Scroll to Top