بھمبر / مظفرآباد :امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر مشتاق احمد کی قیادت میں بھمبر میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطین کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور سماہنی چوک کے سامنے جمع ہو کر اسرائیلی بربریت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فوری طور پر غزہ کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم بند کرائے۔ ریلی کے شرکاء نے اسرائیلی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں گے: اسسٹنٹ کمشنر باغ
ادھر مظفرآباد میں جامعہ کشمیر کے چہلہ کیمپس میں بھی فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے طلبہ کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ طلبہ نے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔