تتہ پانی، کوٹلی: پونچھ دریا نے 14 سالہ طالبعلم کی جان لے لی

کوٹلی : آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی کی تحصیل تتہ پانی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں منگل کی شام پونچھ دریا میں نہاتے ہوئے ایک 14 سالہ طالبعلم ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، حادثہ شام 6 بجے کے قریب تتہ پانی ریسٹ ہاؤس کے قریب پیش آیا۔ مقامی افراد کی جانب سے بچانے کی کوششوں کے باوجود پونچھ دریا کے تیز بہاؤ کی وجہ سے بچے کو بچانا ممکن نہ ہو سکا۔جاں بحق ہونے والے طالبعلم کی شناخت حافظ نعیم محمود ولد محمود حسین کے نام سے ہوئی ہے، جو جونا چھمب کارہائشی تھا۔ نعیم تتہ پانی کی جامع مسجد سے منسلک مدرسے میں زیر تعلیم تھا ۔

عینی شاہدین کے مطابق، حافظ نعیم روزمرہ معمول کے مطابق نہانے کے لیے دریا میں گیا تھا کہ اچانک پانی میں غائب ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی واٹر سرچ ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور فوراً تلاش کا عمل شروع کر دیا۔ تاہم، مسلسل کوششوں کے باوجود رات گئے تک کم روشنی اور حفاظتی خدشات کے باعث نعیم کی لاش برآمد نہ کی جا سکی۔ ریسکیو اہلکاروں نے اعلان کیا ہے کہ سرچ آپریشن کا دوبارہ آغاز صبح سویرے کیا جائے گا۔

واقعے کے بعد علاقے میں غم کی فضا قائم ہے۔ مقامی افراد ریسکیو ٹیموں کی معاونت کے ساتھ دعاؤں میں مصروف رہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرتے رہے۔ اس حادثے کے بعد والدین اور علاقہ مکینوں میں بچوں کی دریا کنارے آمد و رفت پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے کیونکہ اس مقام پر حفاظتی اقدامات کا فقدان ہے۔  انتظامیہ کی جانب سے شہریوں، خصوصاً بچوں اور طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان دنوں دریا کے کنارے جانے سے گریز کریں کیونکہ اس موسم میں پانی کا بہاؤ بہت تیز ہوتا ہے۔

 

Scroll to Top