کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع، ژالہ باری اور آندھی کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے، جو 20 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی چلنے کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں 16 سے 20 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران سردی کا احساس بڑھنے کا امکان ہے جبکہ بعض پہاڑی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر 18 اپریل تک برقرار رہنے کی توقع ہے، جہاں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے 18 اور 19 اپریل کو جنوبی پنجاب کے متعدد اضلاع بشمول ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، کوٹ ادو، مظفر گڑھ، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، خانیوال، پاکپتن، وہاڑی اور اوکاڑہ میں تیز ہواؤں اور گرد آلود آندھی کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث درختوں کے گرنے اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ماہرین موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارشوں اور آندھی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی موجودہ صورتِ حال کو مدِنظر رکھتے ہوئے فصلوں کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیوں کا شیڈول ترتیب دیں۔

Scroll to Top