چناری :چناری کے نواحی گاؤں سربن میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ، جہاں جائیداد کی لالچ میں بدبخت بیٹے نے اپنی بیوی کے ساتھ مل کر 88 سالہ ضعیف ماں پر بہیمانہ تشدد کر ڈالا۔
متاثرہ خاتون نور فاطمہ جو بیوہ ہیں اور گزشتہ 10 برسوں سے شوہر کی وفات کے بعد چھوٹے بیٹے کے ساتھ رہائش پذیر ہیں زخموں سے چور جسم اور کانپتی آواز کیساتھ انصاف کی فریاد لے کر تھانہ چناری پہنچیں۔
نور فاطمہ نے بتایا کہ ان کا بیٹا محمد رفیق اپنی بیوی کے ساتھ مل کر روزانہ کی بنیاد پر انہیں ذہنی اور جسمانی اذیت کا نشانہ بناتا ہے تاکہ مکان اور زمین پر قبضہ حاصل کیا جا سکے۔
انہوںنے ایس پی ضلع جہلم ویلی سے اپیل کی کہ انہیں ان کے شوہر کے بنائے گئے گھر سے قابض مافیا نما بیٹے اور بہو سے نجات دلائی جائے اور دونوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی اور بیٹا ماں پر ہاتھ اُٹھانے کی جرأت نہ کرے۔
تھانہ چناری کے ایس ایچ او راجہ یاسر علی خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاتون کی درخواست پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو جلد ہی قانونی کارروائی کریگی۔
یہ بھی پڑھیں : ڈپٹی میئر مظفر آباد ڈان بن گئے،دن دیہاڑے حواریوں کے ہمراہ مخالفین پر حملہ،تشدد




