اسلام آباد:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ، حکومت نے عوام کو بڑے ریلیف سے محروم کر دیا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، پٹرول کی فی لٹرقیمت 254 روپے 63 پیسے برقرار، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 258 روپے 64 پیسے برقرار رکھی گئی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا،پٹرولیم مصنوعات کی بچت کی رقم بلوچستان کی شاہراہ این25 کی بحالی پر خرچ ہوگی
وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ این25 کی بحالی موٹروے معیار پر کی جائے۔پٹرول کی قیمتوں میں کمی عوام کو منتقل نہیں کریں گے،ان پیسوں سے قوم کےزخموں پر مرہم رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کچھی کینال فیز 2 کی تکمیل بھی بچت رقم سے کی جائے گی،بلوچستان کی سیکڑوں ایکڑ زمین سیراب ہوگی،وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے بلوچستان کیلئے منصوبوں پر شکریہ اداکیا۔
انھوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑاصوبہ ہے، بلوچستان میں فاصلے بہت زیادہ ہیں، بجٹ بھی زیادہ لگے گا، بلوچستان میں خونی سڑک کوخوشحالی کی سڑک بنائیں گے۔
وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ سڑک کی تعمیر کا تخمینہ 300 ارب روپے ہے، میں اورسرفرازبگٹی خود کھڑے ہو کر سڑک بنوائیں گے، کچی کینال کامنصوبہ بھی مکمل کریں گے۔
یاد رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8روپے لٹرتک کمی کی تجویز وزیراعظم کو گزشتہ روز ارسال کی گئی تھی، قبل ازیں بھی پٹرول سستا کرنے کے بجائے بجلی قیمتوں میں ریلیف دیا گیاتھا۔