بلو اوریجن کا تاریخی خلائی مشن: کیٹی پیری اور دیگر خواتین خلا سے بحفاظت واپس

( 15 اپریل 2025) امریکی خلائی کمپنی بلو اوریجن نے خلائی تحقیق کی دنیا میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلی مرتبہ مکمل طور پر خواتین پر مشتمل عملہ خلا میں روانہ کیا، جو بحفاظت زمین پر واپس آ گیا۔ یہ مشن عالمی توجہ کا مرکز بن گیا، جس میں معروف پاپ سنگرکیٹی پیری، جیف بیزوس کی منگیتر لارن سانچیز، اور سی بی ایس کی معروف میزبان گیل کنگ شامل تھیں۔

یہ تاریخی مشن 14 اپریل کو امریکی ریاست ٹیکساس سے روانہ ہوا۔ بلو اوریجن کے نیو شیپرڈ راکٹ نے چھ رکنی عملے کو زمین سے 100 کلومیٹر (62 میل) کی بلندی تک پہنچایا، جو بین الاقوامی طور پر خلا کی سرحد تسلیم کی جاتی ہے۔ پرواز کا دورانیہ تقریباً 11 منٹ تھا، جس میں عملے نے چند لمحوں کے لیے بے وزنی کا تجربہ کیا اور خلا سے زمین کا نظارہ کیا۔

مشن میں شامل تمام خواتین اپنے اپنے شعبوں کی کامیاب اور متاثر کن شخصیات تھیں۔

کیٹی پیری: عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ اور اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیرہیں،لارن سانچیز: معروف صحافی، پائلٹ اور بیزوس ارتھ فنڈ کی نائب چیئر ہیں ،گیل کنگ: مشہور امریکی ٹی وی میزبان، جنہوں نے اس تجربے کو “زندگی کا ناقابلِ فراموش لمحہ” قرار دیا ہے،آئیشہ بو: سابقہ ناسا انجینئر اور سائنس و ٹیکنالوجی میں نوجوانوں کو راغب کرنے والی کاروباری شخصیت ہیں ،امانڈا نگوین: انسانی حقوق کی عالمی سطح پر سرگرم کارکن اور نوبل انعام کی نامزدہیں اورکیری این فلن: فلم پروڈیوسر اور صنفی مساوات پر کام کرنے والی مہم جو ہیں ۔

پرواز کے دوران، گیل کنگ کے مطابق سب سے جذباتی لمحہ وہ تھا جب کیٹی پیری نے خلا میں لوئس آرمسٹرانگ کا شہرہ آفاق گیت “What a Wonderful World” گنگنایا۔ واپسی پر، پیری نے زمین کو چومتے ہوئے کہا کہ وہ “زندگی سے گہرا تعلق” اور “محبت سے جڑا ہوا” محسوس کر رہی ہیں۔ لارن سانچیز نے اس تجربے کو “خوشی اور ہم آہنگی کا احساس” قرار دیا۔

یہ مشن نہ صرف خواتین کی نمائندگی کی جانب ایک اہم قدم تھا بلکہ خلائی تاریخ میں بھی ایک نمایاں سنگ میل ثابت ہوا۔ 1963 میں سوویت خلا نورد ویلنٹینا تیراشکووا کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب مکمل طور پر خواتین پر مشتمل کوئی مشن خلا میں گیا۔ بلو اوریجن کے مطابق، یہ ان کا 11واں انسانی مشن تھا اور اب تک 52 افراد کو خلا میں لے جایا جا چکا ہے۔

Scroll to Top