نیلم:پاک فوج کے زیراہتمام شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب کاانعقاد کیاگیا

پاک فوج کے زیراہتمام شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کمانڈنگ آفیسر اور ایکٹنگ تحصیلدار خواجہ فاروق احمد نے پودا لگا کر شجرکاری کا باقاعدہ آغاز کردیا۔

بالائی نیلم میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ شجرکاری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز پاک فوج کے زیراہتمام ایک تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی مقامی کمانڈنگ آفیسر تھے، جبکہ ایکٹنگ تحصیلدار خواجہ فاروق احمد نے بطور خاص مہمان شرکت کی۔

تمام معزز مہمانانِ گرامی، ڈی ایس پی صغیر شیخ، ایس ایچ او پولیس تھانہ ممتاز، ممبر کونسل افضل قریشی، صدر معلم بوائز ہائی سکول سمیت دیگر عمائدین نے شجرکاری تقریب میں شرکت کی اور اپنے دستِ مبارک سے باقاعدہ پودے لگا کر مہم کا آغاز کیا۔

اس موقع پر تحصیلدار خواجہ فاروق احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درخت زمین کی تزئین و خوبصورتی میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ درخت ہمارے ارد گرد کے ماحول کو خوشگوار اور شاندار بناتے ہیں اور فلاح و بہبود کے احساس کو فروغ دیتے ہیں۔ درخت لگانا ہمارے اجتماعی مستقبل میں ایک قیمتی سرمایہ کاری ہے، جو ماحولیات، جنگلی حیات اور انسانی معاشروں کے لیے بے شمار فائدے پیش کرتا ہے۔ شجرکاری میں ماحولیات کا تحفظ یقینی ہے۔ پاک فوج دفاعی حصار کے ساتھ ساتھ قوم کے شاندار مستقبل کے لیے بھی کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ کائنات کا حُسن و جمال اس کی قدرتی و فطری آب و ہوا میں ہے اور انسان کے فطرت سے سرِ مو انحراف کی صورت میں زمین و آسمان میں فساد و بگاڑ پیدا ہو سکتا ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی شانِ ربوبیت کا مظہر ہے کہ جہاں انسانوں اور دوسرے جانداروں کو بہت سی نعمتیں دی گئی ہیں، وہیں اُنہیں سازگار ماحول بھی عطا کیا گیا ہے۔ کئی ایسی چیزیں پیدا کی گئیں جو کثافتوں کو جذب کر لیتی ہیں اور ماحول کو مختلف النوع آلودگیوں سے بچاتی ہیں۔ لیکن انسانی زندگی اور انسان کو مطلوب جاندار و بے جان وسائل کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ انسان خود بھی ماحولیات کے تحفظ کا اہتمام کرے اور ایسے امور سے بچے، جن سے فضا، زمین یا پانی کے آلودہ ہونے کے امکانات ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ جنگلات کی بے تحاشا کٹائی، دریاؤں میں فضلات کے بہاؤ، پرشور سواریوں، مشینوں کے استعمال اور اسی طرح کی مختلف سرگرمیوں کی وجہ سے ماحولیات میں عدم توازن پیدا ہو رہا ہے۔ آلودگی بڑھ رہی ہے اور طرح طرح کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔

یہ قدرت کا عجیب نظام ہے کہ اس کائنات میں جہاں ماحول کو آلودہ کرنے والے غیر قدرتی عوامل پائے جاتے ہیں، وہیں ربِ کائنات نے ماحولیاتی کثافتوں کو جذب کرنے والے اہم ترین ذرائع بھی پیدا کر رکھے ہیں۔ زمین میں اللہ تعالیٰ نے ایسی صلاحیت رکھی ہے کہ وہ ساری غلاظتوں کو اپنے سینے میں دفن کر لیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شجر پروری سنتِ رسول ہے اور افواجِ پاکستان کا ملکی سلامتی کے لیے کردار لائقِ تحسین ہے۔ افواجِ پاکستان جس شعبے میں بھی آگے آئے، اسے پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔ شجرکاری پورے کشمیر، بالخصوص نیلم کی ایک اہم ضرورت ہے۔ آئیے، پاک فوج کے شانہ بشانہ شجرکاری مہم کے لیے کلیدی کردار ادا کریں۔

 

Scroll to Top