لاہور:آزاد کشمیر کے سابق صدر اور امریکا میں سابق پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان سمیت دیگر ممالک پر عائد اضافی محصولات کا خطرہ عارضی طور پر ٹل گیا ہے۔
وہ لاہور میں ورلڈ ٹائمز انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام پاکستان کی خارجہ پالیسی، سکیورٹی چیلنجز اور آگے کا راستہ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی برآمدات کو بڑھانے کیلئے یورپ، خلیج اور پڑوسی جنوبی ایشیائی ممالک میں نئی منڈیوں کی نشاندہی کرے۔
علاقائی سلامتی کے خدشات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ افغانستان میں غیر ملکی ہتھیاروں کی موجودگی اور افغان سرزمین کا پاکستان کی سلامتی کے خلاف استعمال ملک کی خودمختاری اور استحکام کیلئےبڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ اپنے خدشات کو کابل انتظامیہ تک واضح طور پر پہنچانے کیلئے سفارتی ذرائع استعمال کرے۔
سیمینار کے دیگر مقررین میں شاہد ملک، شاہد سعید، ڈی جی پیمرا اکرام برکت، لیڈ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ندیم بھٹی سمیت دیگر شامل تھے۔
بعد ازاں ایک الگ سیشن میں انسٹیٹیوٹ کے طلباء اور فیکلٹی نے مہمانِ خصوصی سردار مسعود خان کے ساتھ سوال و جواب میں شرکت کی، جس میں پاکستان کی خارجہ پالیسی سے متعلق مختلف چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر کے عوام پاکستان کی دفاعی ڈھال ہیں ، سردار مسعود خان