اسلام آباد: صدرپاکستان مسلم لیگ( ن)آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
اسلام آباد میں سابق امیدوار اسمبلی حلقہ غربی باغ راجہ افتخارا یوب کی جانب سے دیئے گئے ناشتے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مسلم لیگی کارکنان آپس میں اتحاد اتفاق کا مظاہرہ کریں ۔
ہمیں قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف کی ولولہ انگیز قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے جس طرح پاکستان کو نا مساعد ومشکل حالات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نوازشریف نے پنجاب کا نقشہ بدل کر رکھ دیا ہے، انشاءاللہ بہت جلد آزادکشمیر میں بھی تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کا دور دوبارہ شروع ہوگا ۔
اس موقع پر سابق وزیر حکومت ڈاکٹر محمد نجیب خان ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار عبدالخالق وصی، راجہ قیصر مجید،راجہ عابد علی عابد، راجہ طاہر فاروق خان، راجہ فیصل حیات ،عتیق الرحمان عباسی ودیگر بھی موجوتھے۔
اس موقع پر آمدہ الیکشن، موجودہ سیاسی منظرنامے اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیااور کہا گیا کہ مسلم لیگی کارکنان آپس میں اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرینگے تو تب ہی ہم بیرونی سازشوں اور درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
لیگی رہنمائوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے گزشتہ دور حکومت کی کارکردگی اور انتخابی منشور پر تمام حلقوں میں خود اپنے بیانیے اتحاد و اتفاق اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے ویژن کو بنیاد بنا ہم نے طے کیا ہے کہ تمام جماعتی ذمہ داران پارٹی ہر حلقے کا دورہ کرینگے ۔عوامی رابطہ مہم کو تیز کرتے ہوئے مسلم لیگی عہدیداران اور کارکنان کو فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائیگی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم انوار الحق کی راجہ فاروق حیدر سے ملاقات، غلام اللہ اعوان نے بتا دیا