چکار پولیس کا غیر ریاستی پھیری فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار، عوام خوش

چکار :تھانہ چکار پولیس نے غیر ریاستی پھیری فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس کریک ڈاؤن کے دوران متعدد غیر مقامی افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا گیا جنہیں جلد ہی سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائیاں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے، مقامی آبادی کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کی جا رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر ریاستی افراد کی بلا روک ٹوک نقل و حرکت نہ صرف مقامی کاروبار پر اثر انداز ہو رہی تھی بلکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی کئی خدشات جنم لے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اعوان آباد سے لاہور جانے والی بس حادثے کا شکار، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

عوامی حلقوں نے چکار پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر ریاستی پھیری فروشوں کی موجودگی سے مقامی معیشت پر دباؤ بڑھ رہا تھا اور بازاروں میں بے ترتیبی کی کیفیت پیدا ہو چکی تھی۔ عوام نے اس اقدام کو دیرینہ عوامی مطالبے کی تکمیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف مقامی کاروبار کو تحفظ ملے گا بلکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی بہتری آئے گی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن کا یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top