ایران میں 8پاکستانی قتل،وزیر اعظم کی مذمت ،ایرانی حکام سے رابطے میں ہیں، دفترخارجہ

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )ایران میں 8پاکستانیوں کے قتل پر دفتر خارجہ کا رد عمل آگیا، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ اس المناک واقعے کے حوالے سے ایرانی حکام سے رابطے میں ہے اور اس کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

حقائق سامنے آنے کے بعد سرکاری بیان جاری کیا جائے گا ، واضح رہے کہ ایران کے صوبہ سیستان میں نامعلوم مشتبہ افراد کے ہاتھوں پاکستان کے 8 شہری مارے گئے،ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ پاکستانی باشندے ضلع مہرستان کے گاؤں حزب آباد پاین میں مارے گئے۔

ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ورکشاپ میں موجود پاکستانی باشندوں کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا ، جاں بحق ہونے والوں میں سے پانچ کی شناخت کر لی گئی ہے۔. ورکشاپ کے مالک دلشاد، ان کے بیٹے نعیم، جعفر، دانش اور ناصر سبھی کا تعلق پنجاب سے ہے۔

 یہ خبربھی پڑھیں ۔امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکی بھی کام نہ کرسکی، ایران نے میزائل تیار کرلئے

اس سے قبل گزشتہ سال جنوری میں ایران کے صوبہ سیستان میں نامعلوم حملہ آوروں نے 9 پاکستانی شہریوں کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا،یہ پاکستانی شہری گزشتہ کئی سالوں سے ایران میں ایک کار ورکشاپ میں کام کر رہے تھے۔

دریں اثنا ء وزیرِاعظم شہباز شریف نےپاکستانیوں کے قتل پر اظہار افسوس اور ملزمان کی گرفتاری کامطالبہ کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی سرزمین پر پاکستانیوں کے قتل پر گہری تشویش ہے ،جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر وجمیل کی دعا کی گئی ہے ۔

Scroll to Top