سردار گروپ آف کمپنیز اور کشمیر سپریم لیگ کے مابین مفاہمتی معاہدہ،سردارتنویرالیاس پیٹرن ان چیف نامزد

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)آزادکشمیر و پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو قومی و بین الاقوامی سطح پر سامنے لانے کے لیے ایک اہم اور تاریخی قدم کے طور پر سردار گروپ آف کمپنیز اور کشمیر سپریم لیگ کے درمیان اشتراک اور مفاہمت کا معاہدہ طے پا گیا۔۔
صدر سردار گروپ آف کمپنیز ، و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کو کشمیر سپریم لیگ میں با ضابطہ پیٹرن ان چیف نامزد کر دیا گیا۔

اس سلسلے میں ایک پروقار اور شاندار افتتاحی تقریب اسلام آباد کے مقامی ہوٹل سرینا میں منعقد ہوئی، جس میں سابق صدر پاکستان و چییرمین سینیٹ وسیم سجاد، سی ای او سردار گروپ آف کمپنیز سردار عمر تنویر ، سی ای او کشمیر سپریم لیگ عثمان ثانی، سردار مقصود سمیت ملک کی ممتاز کاروباری، سماجی اور اسپورٹس شخصیات نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں کشمیر سپریم لیگ کے نو منتخب پیٹرن انچیف سردار تنویر الیاس خان، چیئرمین لیگ مسعود خان، مایہ ناز قومی کرکٹرز شاہد آفریدی، محمد حفیظ، عبدالرزاق اور دیگر معزز مہمان شریک ہوئے۔


تقریب میں کشمیر سپریم لیگ اور سردار گروپ آف کمپنیز کے مابین باضابطہ معاہدے پر دستخط کیے گئے، اس معاہدے کا مقصد خطے میں کھیلوں کی ترویج، نوجوانوں کے لیے مواقع کی فراہمی اور عالمی سطح پر کشمیر کا مثبت اور روشن چہرہ اجاگر کرنا ہے۔

اس موقع پر سردار تنویر الیاس خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر سپریم لیگ نہ صرف ایک کھیلوں کا ایونٹ ہے بلکہ یہ کشمیر اور پاکستان کے سافٹ امیج کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کا مؤثر ذریعہ بھی بنے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ اس لیگ کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور بہتر مستقبل کی تعمیر کا سنہری موقع میسر آئے گا۔نامور قومی کھلاڑیوں شاہد آفریدی اور محمد حفیظ نے کشمیر سپریم لیگ کو نوجوان ٹیلنٹ کیلئے ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس لیگ کے امبیسیڈر ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ لیگ خطے میں نئی روایات اور مواقع کا آغاز ثابت ہوگی۔ تقریب کے دوران فلسطین پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جو اس تقریب کو ایک باوقار انسانی احساس سے بھی ہم آہنگ کرتی ہے۔

یہ اشتراک نہ صرف کھیلوں کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت ہے بلکہ کشمیر کے نوجوانوں کے لیے نئی اُمیدوں کی نوید بھی ثابت ہوگا۔

تقریب سے سی ای او سردار گروپ آف کمپنیز سردار عمر تنویر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سابق وزیراعظم کی پولیٹیکل ٹیم اور سردار گروپ آف کمپنیز کی مینجمنٹ کے ممبران بھی موجود تھے ۔

Scroll to Top