میرپور:کمشنر میرپور چوہدری مختار نے محکمہ مال ضلع بھمبر کے پٹواری عبد الکریم کو اختیارات کے ناجائز استعمال، کس چناتر ضلع بھمبر کی اراضی361 کنال کا جعلی اور فرضی فرد انتخاب کے ذریعے عبد الرشید کے نام منتقل کرنے کے الزام پر معطل کر دیا۔
پٹواری کے خلاف صاف شفاف ،غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے ایڈیشنل کمشنر ڈویژن میرپورکو انکوائری آفیسر تعینات کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین کو سائلان محمد اعجاز وغیرہ ساکن پہیونہ موڑ تحصیل و ضلع بھمبر نے بذریعہ درخواست استدعا کی تھی کہ پٹواری عبد الکریم نے جعلی اور فرضی فرد انتخاب کے ذریعہ اراضی تعدادی 361 کنال 15 مرلہ واقع موضع کس چناتر تحصیل و ضلع بھمبر اپنے برادر حقیقی مسمی عبدالرشید ولد غلام احمد کے نام منتقل کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے۔
معاملہ ہذا کی نسبت اسسٹنٹ کمشنر برنالہ اور ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر بھمبر کی جانب سے بعد از تحقیقات و سماعت رپورٹ ہا مرتب ہیں جن کے مطابق پٹواری مذکور کو قصور وار پایا اورکارروائی کی سفارش کی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مذکور کا فعل قواعد ملازمت انتظامی و سرکاری نظم وضبط کے نقیض ہونے کے باعث قابل مواخذہ ہے جس پر انضباطی کارروائی عمل میں لائی جانے کی منظوری دی جاتی ہے۔
الزامات کی سنگینی کے پیش نظر ایڈیشنل کمشنر میرپور ڈویژن کو انکوائری افسر مقرر کیا جاتا ہےجو انکوائری کی تکمیل اندر معیاد قانونی یقینی بناتے ہوئے حتمی سفارشات پیش کرنے کے پابند ہونگے۔