آزاد کشمیر میں افغان مہاجرین کی باعزت واپسی: راولاکوٹ اور پلندری میں انتظامیہ کا مؤثر اقدام

راولاکوٹ / پلندری :آزاد کشمیر میں مقیم افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے دی گئی حکومتی مہلت ختم ہو گئی جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مہاجرین کو مکمل عزت و احترام کے ساتھ واپس بھیجنے کا عمل شروع کر دیا۔

راولاکوٹ اور پلندری سے مجموعی طور پر درجنوں افغان شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی اور سفری سہولیات کے ساتھ طورخم بارڈر کی جانب روانہ کیا گیا۔ راولاکوٹ میں ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق، ایس ایس پی ریاض مغل اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ممتاز بٹ کی سربراہی میں دو خاندانوں پر مشتمل 17 افغان مہاجرین کو باعزت رخصت کیا گیا۔ افغان باشندوں کے لیے سواری، ساز و سامان اور سیکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے جو طورخم بارڈر تک فراہم کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق مستقبل میں مہاجرین کو ویزا شرائط مکمل ہونے پر کاروبار کی اجازت دی جائے گی۔

ادھر پلندری میں بھی ڈپٹی کمشنر سدھنوتی سید ممتاز حسین کاظمی اور ایس پی راجہ ندیم عارف کی سربراہی میں 42 افغان مہاجرین کو وطن واپس روانہ کیا گیا۔ واپسی کے موقع پر پوسٹ گریجویٹ کالج فار بوائز میں ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر سردار محمد پرویز خان، ڈی ایس پی سردار محمد اکمل، آفیسر مال سردار رضوان لطیف، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار مظہر آکاش، پریس فاؤنڈیشن کے ممبر سردار اعجاز خلیق، صدر انجمن تاجران سردار شہزاد خان، صدر پریس کلب سردار راشد لطیف سمیت صحافی اور تاجر برادری نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: باڑیکوٹ ہائی سکول نظرانداز! حکومت کی بے حسی، طلباء کا مستقبل خطرے میں

تقریب سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر سدھنوتی نے کہا کہ افغان باشندے ہمارے بھائی ہیں، انٹرنیشنل قوانین کے تحت ان کی واپسی باعزت انداز میں ممکن بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد نے یہاں کی سوسائٹی اور معیشت میں مثبت کردار ادا کیاہےجنہیں بوجھل دل کے ساتھ رخصت کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مہاجرین کو ہار پہنائے گئے اور بچوں کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنائی گئیں جبکہ مہاجرین نے انتظامیہ اور مقامی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

Scroll to Top