وادی لیپہ: سید باسط علی اور پاک فوج کی مشترکہ صفائی مہم، درجنوں مقامات پر ڈسٹبن نصب

وادی لیپہ : آزاد کشمیر کے معروف یوٹیوبر سید باسط علی نے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف عملی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے تعاون سے وادی کے مختلف مقامات پر درجنوں ڈسٹبن نصب کیے تاکہ سیاح اور مقامی افراد کچرا ادھر ادھر پھینکنے کے بجائے مقررہ جگہوں پر ڈالیں۔

وادی لیپہ جو کہ ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے، حالیہ عرصے میں بڑھتی آلودگی کا شکار ہے۔ پلاسٹک بیگز اور دیگر کچرے کی وجہ سے اس جنت نظیر وادی کا قدرتی حسن متاثر ہو رہا تھا، جس کی ایک بڑی وجہ مقامی آبادی اورسیاحوں اور مقامی آبادی کی غفلت ہے۔ تاہم وادی لیپہ سے تعلق رکھنے والےسید باسط علی نے خاموش تماشائی بننے کے بجائے ذاتی خرچ پر یہ مہم شروع کی۔

انہوں نے مختلف اہم مقامات پر ڈسٹبن نصب کیے تاکہ لوگ کچرا پھیلانے کے بجائے اسے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں۔ اس موقع پر انہوں نے پاک فوج کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مہم میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔

سید باسط علی کا کہنا تھا کہ “ہم یہ صفائی مہم پورے آزاد کشمیر میں پھیلائیں گے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف مؤثر اقدامات ممکن ہو سکیں۔” مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ پہلی بار دیکھ رہے ہیں کہ کسی نے اس اہم مسئلے پر عملی توجہ دی ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ مہم دوسروں کے لیے بھی مشعل راہ بنے گی۔

Scroll to Top