آزادامیدوار کی حمایت مہنگی پڑی،میجر(ر) لطیف خلیق کی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت معطل

اسلام آباد( کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر نے حلقہ غربی باغ سے سابق ٹکٹ ہولڈر میجر (ر) لطیف خلیق کی پارٹی رکنیت معطل کر دی۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ غربی باغ سے سابق ٹکٹ ہولڈر، ممبر ضلع کونسل میجر (ر) لطیف خلیق کو آزادامیدوار ساجد اقبال عباسی کی حمایت کرنے پر تحریک انصاف سے فارغ کردیا گیا ۔

تحریک انصاف آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل میر عتیق الرحمان کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میجر(ر) لطیف خلیق کو متنازعہ بیان پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: منحرف ارکان کی پی ٹی آئی میں واپسی نا ممکن، ہمیں الیکٹیبلز کی ضرورت نہیں، خواجہ فاروق

میجر(ر) لطیف خلیق نے شوکازنوٹس کا جواب نہیں دیا جس پر صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے انکی پارٹی کی بنیادی رکنیت معطل کر دی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے نظم و ضبط پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا جو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

میجر (ر) لطیف خلیق کو پارٹی سے فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن پی ٹی آئی غربی باغ کے مرکزی رہنما توصیف عباسی کی طرف سے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ میجر(ر) لطیف خلیق نے گزشتہ انتخابات میں حلقہ غربی باغ سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حصہ لیا تھا لیکن کامیابی نہیں حاصل کرسکے تھے۔

میجر (ر) لطیف خلیق کوعرصہ سے حلقہ غربی باغ میں مضبوط اپوزیشن سمجھا جاتا تھا، 2021کے انتخابات سے قبل وہ جماعت اسلامی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیتے تھے۔

سابق الیکشن میں شکست کے بعد میجر(ر) لطیف خلیق نے بلدیاتی الیکشن میں ڈسٹرکٹ کونسلر کی نشست پر حصہ لے کر سابق وزیراعظم سردار عتیق خان کے کزن میجر(ر) نصراللہ  کو شکست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی میں کوئی اختلاف نہیں، آزادکشمیرپر مکس اچار مسلط،عوام کی سامنے بے نقاب ہوچکے، عنصر پیرزادہ

کاروباری شخصیت ساجد اقبال عباسی نے حلقہ میں انٹری دی تو میجر(ر) لطیف خلیق نے انکی حمایت کی اور اعلان کیا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے جس پرانہیں نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ساجد اقبال عباسی نے حلقہ انٹری کے بعد کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام اپنی جیب سے کروائے ہیں جس پر انہیں حلقہ میں بھرپور پذیرائی ملی ہے اور لطیف خلیق بھی ان کیساتھ کھڑے ہیں۔

میجر(ر) لطیف خلیق کو پارٹی سے نکالنے کے بعد سیاسی مبصرین تبصرے کررہے ہیں کیا وہ ڈسٹرکٹ کونسلر کی نشست چھوڑ دیں گے یا برقرار رکھیں گے لیکن یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

Scroll to Top