صدر آصف زرداری کی علالت:کراچی میں کھڑا خصوصی طیارہ ایک ہفتے بعد اسلام آباد روانہ

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کی علالت کے باعث پاکستان ایئر فورس کا خصوصی طیارہ “پاکستان ون” ایک ہفتے تک کراچی ایئرپورٹ پر کھڑا رہنے کے بعد بالآخر پیر کی صبح اسلام آباد روانہ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ائیر فورس کا طیارہ “پاکستان ون” عام طور پر وزیراعظم پاکستان کے استعمال میں رہتا ہے، تاہم 29 مارچ کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے نواب شاہ کا سفر کیا تھا تاکہ عید الفطر اپنے آبائی شہر میں منائی جا سکے۔ عید کی رات صدر زرداری کی طبیعت ناساز ہوئی جس کے بعد انہیں رات چار بجے ہنگامی طور پر اسی طیارے میں نواب شاہ سے کراچی منتقل کیا گیاتھا۔ صدر مملکت کو فوری طور پر کراچی کے ایک مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ تاحال زیر علاج ہیں۔

ابتدائی طور پر صدر کے پیر تک صحت یاب ہو کر اسپتال سے ڈسچارج ہونے کی توقع ظاہر کی گئی تھی، تاہم ان کے اسپتال میں قیام کومزید بڑھا دیا گیا۔

صدر کے زیر استعمال خصوصی طیارہ پیر کی صبح 8 بجے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہو کر اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

Scroll to Top