مظفرآباد : آذاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں وقت سے پہلے پڑنے والی شدید گرمی کا زور آخرکار ٹوٹ گیا ہے۔ گذشتہ دو روز سے دھوپ اور گرمی سے پریشان شہریوں نے آج صبح آسمان پر چھائے گہرے بادلوں اور ٹھنڈی ہواؤں کا بھرپور خیرمقدم کیا۔ مظفرآباد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
محکمہ موسمیات پاکستان کی پیشگوئی کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ ملک کے مغربی حصے میں داخل ہو چکا ہے، جو آٹھ اپریل سے گیارہ اپریل تک ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید ماسم کا باعث بنے گا۔ اس دوران آذاد کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، شمالی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بوائز ہائی اسکول میں کچن گارڈننگ کی تربیتی ورکشاپ، مقامی افراد کی بھرپور شرکت
موسم کی اس غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی بھی متوقع ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور کسانوں کو اپنی فصلیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مظفرآباد میں آج موسم خاصا خوشگوار ہے، بادلوں کے باعث سورج آنکھ مچولی کھیلتا رہا، اور شہریوں نے کھلی فضا میں موسم کا لطف اٹھایا۔ اگلے چند روز کے دوران موسم کی مزید شدت بڑھنے کی توقع ہے۔