اسلام آباد: جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر محمود الحسن چودھری طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد از نماز عصر مرکز جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کھنہ نزد برما پل لہتراڑ روڈ اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔ اس کے بعد ان کی تدفین کوٹلی آزاد کشمیر میں ہوگی۔
مرحوم کی اہلیہ محترمہ رفعت عزیز صاحبہ جو سابق ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر ہیں اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔
محترم محمود الحسن چودھری صاحب سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ جموں و کشمیر گلگت بلتستان ، سابق ناظم جامعہ پنجاب یونیورسٹی لاہور ، سابق امیر ضلع کوٹلی ،سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ضلع کوٹلی، سابق جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان ، نائب امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان رہے ہیں ۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔