میرپور(کشمیر ڈیجیٹل ) چیئرمین تعلیمی بورڈ میرپور نذر حسین چوہدری نے کمشنر ان لینڈ ریونیو سید انصر علی سے میرپور میں ملاقات کی اور تعلیمی بورڈ سے متعلقہ مختلف ٹیکس امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
میٹنگ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اس میں تعلیمی بورڈ سے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر اکاؤنٹس چوہدری عبد الکریم نے بھی شرکت کی۔
مختلف سوالات کے جواب میں کمشنر ان لینڈ سید انصر علی نے میٹنگ کے شرکاء کو واضح کیا کہ تعلیمی بورڈکی ٹیکس رجسٹریشن موجود ہے، یہ ادارہ، محکمہ ان لینڈ ریو نیو سے جاری کردہ نیشنل ٹیکس نمبر کا حامل ہے اور قانون انکم ٹیکس کی رو سے تعلیمی بورڈ اپنی سالانہ آمدن کی بابت ٹیکس گوشوارہ فائل کرنے اور اس پر مجوزہ شرح سے ٹیکس داخل خزانہ کروانے کا پابند بھی ہے۔
اس کے علاوہ چونکہ یہ ادارہ پرنٹنگ، نشر و اشاعت، چھپائی، سٹیشنری اور دیگر خرید و سپلائیز کی مد میں ہر سال معقول اخراجات کرتا ہے جن کی بابت متعلقہ سپلائرز اور وینڈرز سے بطور ودہولڈنگ ایجنٹ بمطابق مجوزہ شرح لاگو ٹیکسز کی کٹوتی عمل میں لانا اور بروقت حکومتی خزانے میں جمع کروانے کی ذمہ داری بھی اس ادارہ پرعائد ہوتی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔محکمہ ان لینڈ ریونیو کا ایکشن،ٹیکس چوری پر کے ایف سی میرپور کا شٹر ڈاؤن کردیاگیا
انہوں نے بتایا کہ فائلر کیلئے بینکس کی جانب سے زیر دفعہ 151ٹیکس کی شرح15فیصد ہے جبکہ نان فائلرز کیلئے یہ شرح 35فیصد ہے۔ لہٰذا تعلیمی بورڈ کو چاہیےکہ وہ اپنی قانونی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے بعجلت ممکنہ ٹیکس گوشوارہ جات جمع کروا تے ہوئے فائلرکے اسٹیٹس سے مستفید ہو۔ جس کے تحت ادارے کو 20فیصد تک ٹیکس عائیدگی سے نرمی حاصل ہوجائے گی۔
محکمہ ان لینڈ ر یونیو ٹیکس کی جانب سے گوشوارہ جات فائل کیے جانے کی صورت میں قانون کی منشاء کے مطابق جو تعاون اور رہنمائی ممکن ہوئی و ہ تعلیمی بورڈ کو فراہم کرے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اکاؤنٹس چوہدری عبد الکریم نے بتایا کہ بورڈ اپنی آمدن کا ایک مخصوص حصہ بینکس میں بمد پنشن، جی پی ایف، بہبود فنڈز اور بورڈ کے ملازمین کی تنخواہوں کیلئے مختص کرتا ہے۔
تاہم ٹیکس گوشوارہ جات فائل کرنے کی بابت وہ چیئرمین تعلیمی بورڈ کے ہمراہ ٖپاکستان کے تعلیمی بورڈ ز کے نمائندگان سے بھی مشاورت کریں گے۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ٹیکس گوشوارہ جات فائل کرنا ادارہ کی قانونی ذمہ داری ہے جو ہر صورت پوری کی جائے گی۔.چیئرمین بورڈ اور ڈپٹی ڈائریکٹر نے کمشنر ان لینڈ ریو نیو میرپور ڈویژن کی رہنمائی اور تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔