مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاک فوج کے دستوں کی سعودی عرب روانگی کے سلسلے میں تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح التیمی، چیف آف جنرل اسٹاف (پاک فوج) لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری (ہلال امتیاز – ملٹری) اور کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر (ہلالِ امتیاز – ملٹری) نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:تربت کا دورہ، پاک فوج امن ، خوشحالی اور پائیدار ترقی کیلئے بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، فیلڈ مارشل
آئی ایس پی آر کے مطابقیہ دستے سعودی سرزمین پر طے شدہ معاہدوں اور دفاعی تعاون کے قائم کردہ فریم ورک کے تحت اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ یہ تعیناتی ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے تناظر میں مملکت کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، اور حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کے تحفظ کا عزم بھی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس اقدام سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید تقویت ملے گی، دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوگی اور باہمی اعتماد بڑھنے کے ساتھ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پاک فوج کا ’فتح تھری‘ سپر سانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
تقریب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون کے لازوال بندھنوں کو اجاگر کیاگیا اور مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔




