اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)چوتھی بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ (INSO 2027) کے سلسلے میں نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم و تربیت کو بہتر بنانے کے لیے پانچ روزہ ریجنل ورکشاپ کا انعقاد اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں ہوا۔
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اشتراک سے ہونے والی یہ ورکشاپ 23 سے 27 نومبر تک جاری رہے گی اس ریجنل ورکشاپ کا مقصد 2027 میں ہونے والی بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کی تیاری میں مدد فراہم کرنا ہے، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
ورکشاپ میں 22 ممالک سے تعلق رکھنے والے ٹرینرز شرکت کر رہے ہیں۔ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے پانچ ماہرین لیکچرز دیں گے اور طلبہ کے انتخاب، تربیت اور رہنمائی کے بارے میں آگاہ کریں گے۔
شرکاء ایک دوسرے کے تدریسی تجربات اور تعلیمی مواد سے بھی فائدہ اٹھائیں گے۔ اس میں ایسے اسکولوں کیلئے بھی تدریسی طریقوں پر گفتگو ہوگی جہاں لیبارٹری کی سہولیات کم ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر سے آگاہی سیمینار،بیماری کی جلد تشخیص پر زور
تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ محترمہ وجیہہ قمر نے کہا کہ نوجوانوں اور نیوکلیئر سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم پر سرمایہ کاری ملک کی طویل مدتی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں۔ ملک کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوانوں کی توانائی اور صلاحیتیں پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
ہماری ذمہ داری ہے کہ انہیں اچھی تعلیم، رہنمائی اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں استعمال کر سکیں۔
وزیر مملکت نے اس تعلیمی پروگرام کے لیے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی مدد کو سراہا اور نوجوانوں میں سائنسی دلچسپی بڑھانے کیلئے ماہرین اور اساتذہ کو ایک جگہ جمع کرنے پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2027 میں چوتھی بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوگا۔ یہ پاکستان میں منعقد ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا بین الاقوامی سائنس اولمپیاڈ ہوگا اور ملک کیلئے ایک اہم کامیابی ہے۔
چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے جوہری سائنس کے پُرامن استعمال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ
پاکستان کے چھ نیوکلیئر پاور پلانٹس 3,500 میگاواٹ سے زائد نیوکلیئر انرجی پیدا کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے 21 کینسر ہسپتال ملک کے تقریباً 80 فیصد کینسر کے مریضوں کو بیماری کی تشخیص اور طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعاون کو سراہا اور نیوکلیئر سائنس کی تعلیم کو فروغ دینے کے اس موقع کا خیرمقدم کیا۔
ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے پاکستانی طلبہ کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کے پہلے تین مقابلوں میں پاکستانی طلبہ و طالبات نے مجموعی طور پر 11 میڈلز حاصل کیے ہیں۔ سال 2026 میں بھی 23 پاکستانی طلبہ و طالبات نے بین الاقوامی سائنس اولمپیاڈز میں حصہ لیا۔
انہوں نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز یونیورسٹی، اس کے ساتھ کام کرنے والے اداروں اور پاکستان نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے زور دیا کہ اسکولوں میں سائنسی مقابلوں میں حصہ لینے والے طلبہ کو یونیورسٹی تعلیم، تحقیق اور عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے INSO 2027 کے انعقاد کے لیے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
تقریب سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی چیئر ڈاکٹر مایا العزری نے پاکستان کی میزبانی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان سائنسی صلاحیتوں پر سرمایہ کاری دراصل ہمارے مشترکہ سائنسی مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔ ہمیں سائنس دانوں کی نئی نسل کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ وہ آگے بڑھ کر اپنی صلاحیتیں منوا سکیں۔
اس موقع پر بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی سیکشن ہیڈ محترمہ مرینا نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میزبانوں کی مہمان نوازی سے انہیں پورا اعتماد ہے کہ INSO 2027 کامیاب اور یادگار ثابت ہوگا۔
بین الاقوامی نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ (INSO) بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کا ایک اہم پروگرام ہے، جس کا مقصد نوجوانوں میں جوہری سائنس اور اس کے پُرامن استعمال کے بارے میں دلچسپی پیدا کرنا ہے۔ یہ پروگرام بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے وژن ’’امن اور ترقی کے لیے جوہری توانائی‘‘ سے ہم آہنگ ہے۔
اس علاقائی ورکشاپ کا مقصد مختلف ممالک کے درمیان سائنسی تعاون بڑھانا اور تعلیمی اداروں کے درمیان ایسے روابط قائم کرنا ہے جو اولمپیاڈ کے اختتام کے بعد بھی جاری رہیں۔




