وادی لیپہ میں شہدائے وطن کرکٹ ٹورنامنٹ ایڈیشن 8 کا شاندار آغاز

وادی لیپہ :وادی لیپہ کے خراتی باغ گراؤنڈ میں شہدائے وطن کرکٹ ٹورنامنٹ ایڈیشن 8 کی پُروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں کھلاڑیوں، شائقین، پاک فوج کے افسران اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر اور معروف قانون دان احتشام الحق شامی نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران مقررین نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو نوجوانوں کے لیے ایک مثبت سرگرمی قرار دیتے ہوئے کھیلوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ساتھ ہی چیئرمین لالہ ریاض کو کامیاب انتظامات پر مبارکباد پیش کی گئی جبکہ شاندار آتش بازی اور ٹرافی کی رونمائی نے شرکاء کا جوش و خروش مزید بڑھا دیا۔

اس موقع پر چیئرمین لالہ ریاض، شوکت جاوید میر اور احتشام الحق شامی نے “کشمیر ڈیجیٹل” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے اس نوعیت کے ٹورنامنٹس کا انعقاد نہایت ضروری ہے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع میسر آئیں اور ان کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کا موقع فراہم ہو۔

افتتاحی تقریب کے اختتام پر برقی قمقموں کی روشنی میں ایک دلچسپ کرکٹ میچ کھیلا گیاجس سے شائقین خوب محظوظ ہوئے۔ ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور ان کے کھیلوں کے شوق کو فروغ دینا ہے۔

Scroll to Top