سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع، حکومت سے سہولیات بڑھانے کا مطالبہ

آزاد کشمیر کی حسین وادی لیپہ میں سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہواہےجس سے نہ صرف مقامی معیشت کو سہارا ملنے کی امیدہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی بھی امید ہے۔ عیدالفطر کے موقع پر سیاحوں کی بڑی تعداد وادی کا رخ کر رہی ہےجس سے ہوٹل، ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری سرگرمیوں میں غیرمعمولی تیزی آ گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق31 مارچ کو 53 سیاحتی گاڑیاں لیپہ وادی پہنچیں جب کہ یکم اپریل کو یہ تعداد بڑھ کر 290 تک جا پہنچی جو اس علاقے میں سیاحت کے فروغ کی واضح علامت ہے۔ مقامی کاروباری لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت وادی لیپہ میں بنیادی سہولیات کو بہتر بنائے تو یہ علاقہ پاکستان کے اہم سیاحتی مراکز میں شامل ہو سکتا ہےجس سے نہ صرف مقامی افراد کو فائدہ ہوگا بلکہ معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد جموں و کشمیر فارسٹ ڈیپارٹمنٹ نے عید الفطر کے دوران لکڑی کی اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنادیں

مقامی ہوٹل مالکان اور کاروباری طبقے کاحکومت سے مطالبہ ہے کہ سیاحتی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائےسڑکوں کی مرمت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سیاحوں کی رہنمائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں تاکہ وادی لیپہ ایک بین الاقوامی معیار کے سیاحتی مقام کے طور پر ابھر سکے۔

Scroll to Top