میرپور :میئر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری عثمان علی کی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
اسٹیٹ آفیسر چوہدری بشارت حسین نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے شہر کے مختلف کاروباری مراکز کے باہر فٹ پاتھوں پر قائم غیرقانونی تجاوزات اور دکانوں کے باہر بنائے گئے غیرقانونی تھڑوں کو ہٹانے کا کام شروع کروا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: تجاوزات خاتمے کیلئے انتظامیہ متحرک، متعدد دکانیں سیل، گاڑیاں ضبط
آپریشن کا مقصد شہر کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک کرنا، پیدل چلنے والوں کے لیے راستے بحال کرنا اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کرنا ہے۔
دکانوں کے باہر غیرقانونی طور پر قائم تھڑوں اور دیگر تجاوزات کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھاجبکہ فٹ پاتھوں پر قبضے کے باعث پیدل چلنے والے افراد بھی سڑک استعمال کرنے پر مجبور ہوتے تھے۔
تجاوزات کے خلاف اس کارروائی پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میئر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان علی اور متعلقہ عملے کے اقدام کو سراہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ کاروباری مراکز میں آمدورفت آسان ہو اور شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی کمشنر باغ نے ہائی وے ایکٹ کی خلاف ورزی اور تجاوزات پر سخت ایکشن کا حکم دے دیا
شہری نے اقدام کو سرہاتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کو بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا اور فٹ پاتھوں کو مستقل طور پر تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ عوام کو بہترین بنیادی شہری سہولیات میسر آ سکیں۔




