بہاولپور: ملتان میں یتیم بچےکو کار سے کچلنے والا ملزم توقیر پولیس مقابلےمیں ہلاک ہوگیا۔
ملزم نے پیر کے روز کار کی ٹکر سے 15سالہ لڑکے کو کچل دیا تھا۔ یتیم بچہ وسیم عباس ملزم توقیر کے غیرانسانی روئیے سے تنگ آکر کام نہیں کرنا چاہتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:ملتان میں 15سالہ یتیم بچے کو گاڑی کے نیچے کچل دیا گیا، ویڈیوز نے سوشل میڈیا ہلا دیا
ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، بعد ازاں ملزم توقیر نذیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا جہاں سے وہ فرار ہوگیا تھا۔
ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ ناردرن بائی پاس بہاولپور پر پولیس نے 2 موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کے روکنے پر ملزمان نے بھاگتے ہوئے فائرنگ کی، ملزم توقیر اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ ملزم کاساتھی فرار ہوگیا۔
واضح رہے کہ عدالت میں پیشی کے دوران وکلاء نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا جبکہ عدالت نے ملزم کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔
وکلاء نے ملزم توقیر پر تشدد کیا اور اس کے کپڑے پھاڑ دیئے تھے جبکہ انہیں ملزم کو مارتے ہوئے عدالت کے احاطے سے باہر لے جاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ملتان کے وکلاء نے اس کا کیس بھی لینے سے انکا رکردیا تھا۔
پیر کے روز ملزمان نے واقعہ کو حادثہ بنا کر پیش کرنے کی کوشش کی تھی لیکن سی سی ٹی وی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقتول لڑکا اپنی جان بچانے کے لیے بھاگ رہا ہے جبکہ ملزمان گاڑی میں اس کا پیچھا کر رہے ہیں۔
ایک اور زاویے سے ریکارڈ ہونے والی ویڈیو میں ملزمان کو تیز رفتار کار لڑکے پر چڑھاتے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیں:میر رضا کی موت قتل قرار، پولیس تفتیش میں سنگین غفلت کی نشاندہی، جے آئی ٹی بنانے کی سفارش
مقتول وسیم عباس کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے موضع دولت پور میں ادا کی گئی تھی ۔
واقعے کے بعد مقتول کے چچا اور یتیم خانے کی انتظامیہ کی جانب سے بیانات سامنے آئے تھے جن میں ملزم توقیر کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور انصاف کا مطالبہ کیا گیا تھا۔




