مظفرآباد : آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں نوسربازی کی انوکھی اور شاطرانہ واردات سامنے آئی ہے، جہاں ایک مرد اور خاتون نے چالا کی اور مبینہ نظر بندی کے ذریعے دکاندار کو لوٹ لیا اور ہزاروں روپے کیش لے کر باآسانی فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ تھانہ صدر کی حدود پاجگراں میں واقع “عبداللہ اسٹیل” پر پیش آیا۔ دکاندار کے مطابق دکان پر ایک نامعلوم شخص آیا جس نے ممکنہ طور پر نظر بندی کے ذریعے دکاندار کو حواس باختہ کیا۔ ملزم نے اپنا بیگ کھول کر ڈالر دکھائے اور انگریزی میں گفتگو کرتے ہوئے چینج (کھلے پیسے) کروانے کی جگہ پوچھی اور ظاہر کیا کہ اسے اردو نہیں آتی۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: آوارہ جانوروں کو ضبط کرنے کے دعوے، شہر کی سڑکوں پر مویشیوں کی نقل و حرکت
اسی اثنا میں ایک خاتون دکان میں داخل ہوئی اور وہاں موجود دوسرے شخص کو گفتگو میں الجھا کر پاکستانی کرنسی کے حوالے سے معلومات لینے لگی۔ ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑی مہارت سے کیش بکس سے رقم نکال لی۔ واردات کے بعد دونوں ملزمان نہایت اطمینان سے آگے کا راستہ پوچھتے ہوئے اپنی گاڑی میں بیٹھ کر چمپت ہو گئے۔
ملزمان کے جانے کے بعد جب دکاندار حواس میں آیا تو کیش بکس خالی دیکھ کر اس کے ہوش اڑ گئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی (CCTV) فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے جس میں نوسرباز گروہ اور ان کی گاڑی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
متاثرہ تاجر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا فوری سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا جائے اور ہتھیا گئی رقم واگزار کروائی جائے۔ انتظامیہ نے بھی علاقے کے تاجروں اور کاروباری حضرات کو ایسے مشکوک اور نوسرباز گروہوں سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔




