آزاد کشمیر :میرپور میں قائم مختلف نامور برینڈز کے آؤٹ لٹس کی جانب سے اپنے ناموں والے شاپنگ بیگز کے اضافی پیسے صارفین سے وصول کرنے کے خلاف فیصل عثمان ایڈووکیٹ و دیگر وکلاء نے باقاعدہ قانونی چارہ جوئی کا آغاز کر دیا ہے۔
وکلاء کے وفد نے اسسٹنٹ کمشنر و سب ڈویژنل مجسٹریٹ میرپور میاں حسام ساجد کو تحریری درخواست پیش کرتے ہوئے فوری قانونی ایکشن لینے کی استدعا کی ہے، جس پر اسسٹنٹ کمشنر میرپور نے معاملے پر جلد کارروائی کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔
درخواست گزار وکلاء اور موقف کی تفصیلات:
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے سابق جوائنٹ سیکرٹری فیصل عثمان ایڈووکیٹ، سردار عمیر نسیم ایڈووکیٹ، چوہدری یاسر شہزاد ایڈووکیٹ، چوہدری کامران غالب ایڈووکیٹ اور عدنان احمد ایڈووکیٹ نے اسسٹنٹ کمشنر میرپور کو تحریری درخواست پیش کی ہے۔ وکلاء نے اپنے تحریری موقف میں بیان کیا ہے کہ میرپور میں قائم مختلف برینڈز جیسے کہ لائم لائٹ، کھاڈی، انڈور، آئیڈیاز، سفائر و دیگر کی فرنچائزز اور آؤٹ لیٹس پر خریداری کرنے پر شاپنگ بیگز کی مد میں صارفین سے اضافی پیسے وصول کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: معروف برانڈ کو لوگو والے شاپنگ بیگ کے پیسے لینا مہنگا پڑ گیا، جرمانہ عائد
غیر قانونی ایڈورٹائزنگ اور اضافی چارجز کا معاملہ:
درخواست میں واضح کیا گیا ہے کہ ان شاپنگ بیگز پر ان ہی برینڈز کے اپنے نام وغیرہ پرنٹ ہیں، جس سے ان برینڈز کی باقاعدہ ایڈورٹائزنگ اور تشہیر ہوتی ہے۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ ایک طرف برینڈز کی اپنی مشہوری ہو رہی ہے جبکہ دوسری طرف اس کے پیسے الٹا صارفین سے وصول کیے جا رہے ہیں جو کہ سراسر غیر قانونی عمل ہے۔
استدعا اور انتظامیہ کا ردعمل:
وکلاء نے بذریعہ درخواست استدعا کی ہے کہ متذکرہ بالا برینڈز سمیت میرپور میں موجود دیگر تمام برینڈز کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے اور غیر قانونی شاپنگ بیگ چارجز وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں پابند کیا جائے کہ وہ آئندہ صارفین سے شاپنگ بیگز کے چارجز وصول کرنے سے مکمل طور پر باز و ممنوع رہیں، جس پر اسسٹنٹ کمشنر میرپور نے وکلاء کی اس درخواست پر جلد کارروائی کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔




