اسٹیٹ بینک : ہاؤسنگ فنانس کی شرائط اور جائیداد کی ملکیتی دستاویزات میں بڑی نرمی

 اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ہاؤسنگ فنانس کے حصول کے لیے جائیداد کی ملکیتی دستاویزات سے متعلق شرائط میں نمایاں نرمی کر دی ہے۔

مرکزی بینک کے اس اقدام سے گھر، اپارٹمنٹ یا پلاٹ خریدنے کے لیے قرض حاصل کرنے والے عام شہریوں کو انتہائی بڑی سہولت میسر آ سکے گی۔

نئے ضوابط اور 50 لاکھ کے ہاؤسنگ فنانس کی شرائط

نئے ضوابط کے تحت 50 لاکھ روپے تک کے ہاؤسنگ فنانس کے لیے مخصوص شرائط پر جائیداد کے سرکاری ریکارڈ میں بینک کے حق میں لین درج کرکے بھی قرض حاصل کیا جا سکے گا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق بینک اور ترقیاتی مالیاتی ادارے ہاؤسنگ فنانس کے لیے مقررہ فہرست کے مطابق صارفین سے تمام تر ملکیتی دستاویزات حاصل کریں گے۔

دستاویزات کی رسید اور رہن کا طریقہ کار

دستاویزات وصول کرنے کے بعد صارف کو دستخط شدہ رسید فراہم کرنا لازمی ہوگا، جس میں موصول ہونے والی تمام دستاویزات کی مکمل تفصیلات درج ہوں گی۔نئے ضوابط کے تحت قرض کے حصول کے لیے گھر، اپارٹمنٹ یا پلاٹ کو قرض فراہم کرنے والے ادارے کے حق میں رہن رکھنا ہوگا۔ تاہم 50 لاکھ روپے تک کے ہاؤسنگ فنانس کے لیے مقررہ شرائط کے مطابق جائیداد کے سرکاری ریکارڈ میں بینک کے حق میں لین درج کرنے کا طریقہ بھی اختیار کیا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور : برینڈز کی جانب سے شاپنگ بیگز کے اضافی پیسے وصول کرنے کے خلاف درخواست دائر

قابلِ تجدید توانائی اور سولر منصوبوں کے لیے سہولت

اسٹیٹ بینک نے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے قرضوں کے حوالے سے بھی زبردست سہولت فراہم کی ہے، جہاں نئے قواعد کے تحت مخصوص شرائط کے مطابق ضمانت کے بغیر فنانسنگ کی اجازت ہوگی، جبکہ سولر سمیت نصب شدہ آلات رہن رکھ کر بھی مالی معاونت حاصل کی جا سکے گی۔

مزید برآں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر بھی ہاؤسنگ فنانس حاصل کیا جا سکے گا، جس میں پنجاب کا گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ اور دیگر صوبوں کے مساوی سرٹیفکیٹس قابلِ قبول تصور ہوں گے۔

گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ اور عمل درآمد کی ہدایت:

یہ سرٹیفکیٹ ملکیت، قبضے اور حقِ ملکیت کی تصدیق کرے گا، جبکہ اس کی بنیاد پر اضافی تاریخی یا علیحدہ ملکیتی دستاویزات کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کو ان نئے ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی واضح ہدایت جاری کی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانیوں کے لیے کینیڈا کا وزٹ ویزا، ضروری دستاویزات، سفر کے اخراجات اور ویزا فیس کی مکمل تفصیل