ہجیرہ (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل ہجیرہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع گاؤں مہنڈلہ میں نصب بارودی مواد (آئی ای ڈیز) کے دھماکے کے نتیجے میں 4 نوجوان جاں بحق ہو گئے۔
دھماکے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق چاروں نوجوان چشمے کے پانی کی پائپ لائن کی مرمت کیلئے گئے تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دھیرکوٹ: وین حادثے کا شکار، خاتون جاں بحق، 16 بچے،ڈرائیور زخمی
بتایا جاتا ہے کہ چشمے کے قریب مبینہ طور پر بارودی مواد نصب تھا، جو نوجوانوں کے وہاں پہنچنے کے دوران دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں چاروں نوجوان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں سردار فیضان صغیر، سردار اشتیاق، سردار عاصم رفیق اور سردار وقاص شریف شامل ہیں۔ چاروں نوجوانوں کی عمریں تقریباً 20 سے 30 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر:ہسپتالوں میں ماہر اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی روٹیشن کا نیا نظام متعارف
واقعے کے بعد پورے علاقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ ہر آنکھ اشکبار اور اہلِ علاقہ سوگ میں ڈوب گئے، جبکہ افسوسناک واقعے نے مقامی آبادی کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق چاروں جاں بحق نوجوان چیف ایڈیٹر کشمیر ایکسپریس اور آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی (اے کے این ایس) کے صدر زاہد تبسم کے قریبی عزیز تھے۔ اس سانحے پر علاقے کی فضا مزید سوگوار ہو گئی ہے۔




