پاکستان میں سونا سستا، عالمی مارکیٹ میں مہنگا

پیر کے روز عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اہم پیش رفت دیکھنے کو ملی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں جہاں ایک طرف سونے کی اسپاٹ قیمت 0.3 فیصد اضافے کے بعد 4,206.01 ڈالر فی اونس تک پہنچی اور 2 اکتوبر کے بعد اپنی بلند ترین سطح کو چھو گئی،ادھرمقامی بلین مارکیٹ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔   

بین الاقوامی مارکیٹ میں بعد ازاں ریٹ میں کمی کا رجحان بھی دیکھا گیا، جہاں عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 21 ڈالر کی کمی سے 4174 ڈالر فی اونس پر آ گیا۔ اس کے نتیجے میں مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 2100 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 39 ہزار 936 روپے کی سطح پر آگیا۔

مقامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کے تازہ ترین نرخ:

بین الاقوامی مارکیٹ کے اثرات کے باعث پاکستان بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں نرخوں میں تبدیلی آئی جس کے بعدفی تولہ سونا: 2100 روپے کی کمی سے 4 لاکھ 39 ہزار 936 روپے ہو گیا۔   دس گرام سونا: 1800 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 77 ہزار 174 روپے کی سطح پر آ گیا جبکہ  فی تولہ چاندی: 23 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد نئی قیمت 6532 روپے ہو گئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ہفتے کے روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 1100 روپے کا اضافہ ہوا تھا اور یہ 4 لاکھ 42 ہزار 36 روپے پر مستحکم رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت میں 1100 روپے کا اضافہ

عالمی مارکیٹ کے حالات اور معاشی تجزیہ:

عالمی مارکیٹ کے تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق، خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور امریکی ڈالر کی قدر میں کمزوری نے ابتدائی طور پر سونے کی قیمتوں کو سہارا دیا۔ روس اور یوکرین کے درمیان توانائی کے شعبے میں جنگ بندی سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی آئی، جس سے افراطِ زر اور شرح سود سے متعلق فوری خدشات میں بھی کمی دیکھی گئی۔

امریکا میں دسمبر میں فراہمی کے لیے سونے کے مستقبل کے سودوں (Futures) کی قیمت 0.3 فیصد اضافے کے بعد 4,230.40 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔ سرمایہ کار اس وقت بدھ کے روز امریکا کے صارفین کے قیمتوں کے اشاریے (CPI) جبکہ جمعرات کو پیداواری قیمتوں کے اشاریے (PPI) اور خوردہ فروخت کے اعداد و شمار کا انتظار کر رہے ہیں، جن سے امریکی مرکزی بینک کی آئندہ پالیسی اور شرح سود کے اشارے ملیں گے۔

دیگر قیمتی دھاتوں کی صورتحال:

عالمی سطح پر دیگر قیمتی دھاتوں کی بات کی جائے تو چاندی کی قیمت 0.5 فیصد اضافے سے 61.12 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی، پلاٹینم کی قیمت 1 فیصد بڑھ کر 1,704.70 ڈالر فی اونس جبکہ پیلیڈیم کی قیمت 1.2 فیصد اضافے کے بعد 1,161.81 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی۔