ڈیجیٹل اسکالرز پروگرام ، 10 ہزار طلبہ کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کا ہدف

پاکستان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیجیٹل اسکالرز پروگرام کے نئے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت کالجوں اور جامعات کے 10 ہزار طلبہ کو بنیادی ڈیجیٹل مہارتوں، تجزیاتی سوچ اور مسائل حل کرنے کی جدید صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں بالخصوص 60 فیصد طالبات شامل ہوں گی۔   

یہ اہم اور بالخصوص نوجوان خواتین کی حوصلہ افزائی پر مبنی اقدام زونگ نے نالج پلیٹ فارم کے باقاعدہ اشتراک سے بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر شروع کیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد ملک میں ڈیجیٹل مہارتوں کے فرق کو ختم کرنا اور نوجوان خواتین کے لیے پاکستان کے تیزی سے فروغ پاتے ٹیکنالوجی کے شعبے میں پائیدار اور بامعنی کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

پروگرام کی وسعت اور آئندہ کا تعلیمی فریم ورک:

یہ پروگرام ایک ایسے کامیاب نظام کی بنیاد پر آگے بڑھایا جا رہا ہے جس کے تحت اس سے قبل 35 شہروں کے 300 سے زائد اسکولوں میں 50 ہزار سے زیادہ طلبہ، جن میں 5 ہزار سے زائد طالبات بھی شامل ہیں، مستفید ہو چکے ہیں۔ آئندہ ایک سال کے دوران اس پروگرام میں مصنوعی ذہانت اور تنقیدی سوچ پر مبنی خود رفتار اور گیمنگ/کھیل کے انداز میں سیکھنے کا جدید طریقہ متعارف کرایا جائے گا جس سے طلبہ اپنی سہولت کے مطابق سیکھ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پرانے اینڈرائڈ اور آئی فونز پر واٹس ایپ سروس بند کرنے کا فیصلہ

ملک بھر میں پروگرام کی رسائی کو یقینی بناتے ہوئے بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ساتھ واقع پسماندہ علاقوں پر خصوصاً توجہ دی جائے گی جہاں معیاری ڈیجیٹل ایجوکیشن تک رسائی ایک اہم ضرورت بن چکی ہے۔

زونگ اور نالج پلیٹ فارم کی قیادت کا موقف:

زونگ کی ڈائریکٹر اسٹریٹجی اور ترجمان نبیلہ یزدانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زونگ کا یہ پختہ یقین ہے کہ ٹیکنالوجی محض رابطے کی سہولت فراہم کرنے سے آگے بڑھ کر معاشرے پر دیرپا اثرات مرتب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اسکالرز پروگرام کے ذریعے ہم مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتوں اور ٹیکنالوجی میں نوجوان خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

دوسری جانب نالج پلیٹ فارم کے چیف آپریٹنگ آفیسر عمیر علی نے کہا کہ بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر زونگ کے ساتھ شراکت داری کو وسعت دینے اور پاکستان بھر میں ڈیجیٹل تعلیم تک رسائی بڑھانے پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ ہماری مشترکہ توجہ ضرورت مند کمیونٹیز اور طلبہ کے لیے بامعنی تعلیمی مواقع پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔