بارش

ملک کے بیشتر علاقوں میں طاقتور مغربی لہر کے تحت بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

اسلام آباد : ملک میں ایک طاقتور مغربی لہر داخل ہو گئی ہے جس کے زیرِ اثر آج سے 13 اکتوبر کے دوران بیشتر علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی قوی امکان ہے۔ اس کے علاوہ 10 ہزار فٹ سے بلند پہاڑوں پر ہلکی سے درمیانی برفباری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق اس مغربی لہر کی وجہ سے ملک کے مختلف صوبوں اور خطوں میں موسم کی صورتحال غیر مستحکم رہے گی، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا موسم:

خیبر پختونخوا صوبے کے بالائی، وسطی اور جنوبی اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ دوسری جانب آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ ان علاقوں کے بعض مقامات پر بارش اور ژالہ باری کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کی 15اکتوبر تک آزادکشمیر، گلگت بلتستان میں بارش،ژالہ باری کی پیشگوئی

پنجاب اور بلوچستان میں موسم کی پیشگوئی:

پنجاب میں خطہ پوٹھوہار، بالائی پنجاب، شمال مشرقی پنجاب، وسطی پنجاب، کوہِ نمک و وادیِ سون، جنوبی پنجاب اور کوہِ سلیمان رینج کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں یا آندھی کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش متوقع ہے، جبکہ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی قوی امکان ہے۔

شمال مشرقی و وسطی بلوچستان اور کیرتھر رینج کے علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ اس کے علاوہ کیرتھر رینج میں بادل بننے اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ کی صورتحال اور انتظامی احتیاطی تدابیر:

سندھ کے بالائی، مغربی، اور جنوبی علاقوں میں بھی سمندری بادلوں کی آمدورفت کے باعث بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس موسمی صورتحال کے دوران بار بار آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں، جبکہ تیز ہواؤں، آندھی اور متوقع ژالہ باری کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا شدید خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔