وزیراعظم آزاد کشمیر کا یوم شہدائے زلزلہ کے موقع پر خصوصی پیغام، شہداء کو خراج عقیدت

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے یوم شہدائے زلزلہ کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کا دن وہ دن ہے جو آزاد کشمیر کی تاریخ سے کبھی بھی بھلایا نہیں جا سکے گا۔ اس ہولناک دن ایک تباہ کن زلزلے نے ہمارے بہت ہی قریبی عزیزوں، مائیں، بہنیں، بیٹیاں، بزرگ اور بھائی ہم سے جدا کر دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان پیاروں کی یاد ہر سال 8 اکتوبر کو دوبارہ ہم سب کے دلوں میں تازہ ہو جاتی ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں ہمارے عزیز و اقارب ہمیں چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں پوری دنیا اور تمام ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس وقت بالخصوص باغ اور راولاکوٹ میں تعمیر و نو کا سفر شروع کیا، جس کی بدولت آج ہم ایک نئے آزاد کشمیر کو دیکھ رہے ہیں۔ میں ان تمام ممالک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم افتخار گیلانی نے کابینہ ارکان کے قلمدانوں میں ردوبدل کی منظوری دیدی

پاک فوج کا کردار اور تجدید عہد:

وزیراعظم آزاد کشمیر نے پاکستان فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آزاد کشمیر کے لوگوں کی مدد کے لیے جس طریقے سے قدم بڑھایا اور دن رات ہماری مدد کی، یکجہتی کی ایسی لازوال مثال تاریخ پاکستان میں اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں آج کے دن یعنی8اکتوبر کو یہ پختہ عہد کرنا چاہیے کہ ہمیں آزاد کشمیر کو ایک مضبوط آزاد کشمیر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے شہداء کے درجات بلند کرے اور تمام متاثرین کے خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔