آزادکشمیر کا نیا صدر کون؟ نجیب نقی اور لطیف اکبر میں مقابلہ،انتخاب آج ہوگا

مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر کے نئے صدر کا انتخاب آج  جمعرات 24ستمبر کو ہوگا، پولنگ اسمبلی ہال مظفرآباد میں ہوگی، انتخاب مکمل ہونے کے بعد نو منتخب صدر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

آزاد کشمیر کی حکمران جماعت مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعت عوامی دست و بازو پارٹی کے 32 اور اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے 14 ارکان اسمبلی سمیت 46 ارکان نئے صدر کا انتخاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ بمقابلہ شی جن پنگ،چینی صدر کے خصوصی طیارے کی دلچسپ حقیقت سامنے آگئی

مسلم لیگ ن کے نامزد صدارتی امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر مدمقابل ہیں۔

صدارتی انتخاب کے لیے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس صبح 10 بجے اسپیکر چودھری طارق فاروق کی صدارت میں منعقد ہوگا۔

صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ صبح 10 سے دوپہر 1 بجے تک ہوگی۔ا سمبلی میں مسلم لیگ(ن) کی اکثریت ہونے کی وجہ سے ڈاکٹرنجیب نقی کے منتخب ہونے کا قوی امکان ہے۔

صدارتی انتخاب اور منتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ارکان اسمبلی، سیاسی وسماجی شخصیات اور اعلیٰ سول و فوجی حکام کو دعوت نامے جاری کر دیئے گئے ہیں۔

آزادکشمیر اسمبلی کے 53کے ایوان میں پونچھ ڈویژن کی 7 نشستوں پر کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے دھرنے کی وجہ سے انتخابات نہیں ہوسکے ہیں۔

صدارتی انتخابات کے بعد پونچھ ڈویژن کے انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کا بھی امکان ہے کیونکہ گزشتہ دنوں پونچھ ڈویژن میں تعلیمی ادارے اوپن کراد یئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کشمیر کونسل کی 4 خالی نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 12 اکتوبر کو ہوگی

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر کونسل کی چار نشستوں پر انتخابات کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے، پولنگ 12 اکتوبر کو ہوگی، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی یکم اکتوبر صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک جمع کروائے جا سکیں گے، امیدواروں کی حتمی فہرست 9 اکتوبر کو جاری ہوگی۔