مظفرآباد کی ہونہار بیٹی ثمن سجاد کا FPSC کے امتحان میں شاندار اعزاز، گریڈ 18 میں انتخاب

آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی گاؤں دولائی سے تعلق رکھنے والی ہونہار بیٹی ثمن سجاد، دخترِ راجہ سجاد اکبر خان نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) کے مسابقتی امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے گریڈ 18 میں انتخاب حاصل کر لیا ہے۔

کشمیر کے لیے مختص اوپن میرٹ کی واحد نشست پر کامیابی حاصل کرنا ثمن سجاد کی محنت، مستقل مزاجی اور تعلیمی جدوجہد کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کی یہ کامیابی مظفرآباد اور آزاد کشمیر کے لیے ایک قابلِ فخر اعزاز ہے اور اس امر کی عکاس ہے کہ دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان بھی قومی سطح کے مسابقتی امتحانات میں اپنی قابلیت منوا سکتے ہیں۔

تعلیمی سفر اور پیشہ ورانہ پس منظر:

ثمن سجاد کا تعلق گاؤں دولائی، مظفرآباد سے ہے۔ انہوں نے اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ سفر کے دوران مسلسل آگے بڑھنے کی کوشش کی۔ وہ اس وقت بحریہ یونیورسٹی، اسلام آباد سے ایگزیکٹو ایم بی اے کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: طویل لاک ڈاؤن کے بعد وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں سیاحوں کی واپسی،شاہراہِ نیلم کی تعمیر کا مطالبہ

اس سے قبل انہوں نے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی، مظفرآباد سے ایم اے انگلش مکمل کیا، جبکہ اس سے پہلے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے ایم اے ایجوکیشن کی ڈگری حاصل کی۔ ان کا مسلسل تعلیمی سفر ان کی پیشہ ورانہ ترقی اور علم کے حصول کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

والدین اور ننھیال کے کردار کو خراجِ تحسین:

اپنی کامیابی کے حوالے سے ثمن سجاد کا کہنا تھا کہ وہ اپنی یہ کامیابی اپنے والدین اور اساتذہ کے نام کرتی ہیں، جن کی رہنمائی، حوصلہ افزائی اور دعاؤں نے انہیں اس مقام تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ثمن سجاد نے اپنی کامیابی میں اپنے ننیال کے کردار کو بھی خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی کا ایک اہم کریڈٹ اپنے نانا مرحوم راجہ محمد اسماعیل خان، اپنی نانی اور اپنے ماموں کو بھی دینا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق ان کی زندگی کے سفر، جدوجہد اور مشکلات کے دوران ننیال کے افراد نے ہمیشہ محبت، حوصلہ افزائی، تعاون اور رہنمائی فراہم کی۔