ضلع خاران کے لجے روڈ پر نام نہاد فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ایک مسافر گاڑی کو آئی ای ڈی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک مزدور شدید زخمی ہوگیا جبکہ گاڑی میں سوار دیگر 9 مزدوروں کو بھی چوٹیں آئیں۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور تمام متاثرہ مزدوروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر قریبی مرکزِ صحت منتقل کردیا۔
حکام کا مؤقف اور مذموم کارروائیوں کی مذمت:
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں پسپائی کا سامنا کرنے کے بعد فتنۃ الہندوستان کی جانب سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر عام شہریوں اور غریب مزدوروں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خاران شہر میں سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، شہر میں داخل ہونیوالے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردہلاک کردئیے
حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عام بلوچ عوام اور نہتے شہریوں کو اس طرح نشانہ بنانا ایک انتہائی مذموم اور بزدلانہ کوشش ہے۔ بلوچ مزدوروں اور مسافر گاڑیوں پر ہونے والے یہ حملے اس امر کی واضح نشاندہی کرتے ہیں کہ فتنۃ الہندوستان کا بلوچستان یا حقیقی بلوچیت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔
حکام کے مطابق، دہشت گردوں کی جانب سے معصوم شہریوں اور محنت کشوں کو نشانہ بنائے جانے کے باوجود سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت کارروائی کی اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے ساتھ ہسپتال منتقلی کے انتظامات یقینی بنائے۔




