برطانیہ سے تعلق رکھنے والی معروف فلم پروڈیوسر، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کی تصدیق کردی۔
اس سے قبل یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ جمائمہ گولڈ اسمتھ معروف بزنس ٹائیکور کیمرون اوریلی کے ساتھ ازدواجی بندھن میں بندھی ہیں تاہم اب جمائما نے اپنی شادی کی نہ صرف تصدیق کی بلکہ تصاویر بھی جاری کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے تصاویر شیئر کرنے کے ساتھ 12 ستمبر کی تاریخ لکھی جس کا مطلب ہے کہ اُن کی شادی کی تقریب 12 ستمبر 2026 کو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:جمائما گولڈ اسمتھ کی کیمرون او ریلی سے شادی، نئے شوہر کون ہیں؟
جمائما نے لکھا کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس دن کو ہم دونوں کے لیے اتنا خاص اور خوشگوار بنایا۔تقریب میں جمائما کے ساتھ اُن کے دونوں بیٹوں قاسم ، عمر نے بھی شرکت کی اس کے علاوہ اہل خانہ بھی شریک تھے۔
جمائما نے مغربی روایات کے مطابق بطور دلہن سفید رنگ کا خاص جوڑا زیب تن کیا جس میں وہ انتہائی خوبصورت اور جاذب نظر آرہی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی سہیلیوں میں سواشا، تارا او ریلی اور ٹریان وائٹ کے علاوہ ایڈی اور ایلیزا شامل تھیںجبکہ بلیوئی اور آرتھر نے تقریب میں خصوصی ذمہ داری انجام دی۔
انہوں نے ایلیٹ اور آسکر او ریلی کو بہترین مردوں جبکہ فرینکی، آئزک، جیمز، گیو اور ٹونی کو تقریب کے معاونین کے طور پر نامزد کیا۔
View this post on Instagram
انہوں نے لباس اور دیگر انتظامات میں مدد کرنے والی مارٹا وارڈ، کیٹ روتھسچائلڈ اور اینابیل رِوکن کا بھی شکریہ ادا کیا۔
جمائما خان نے تقریب کے منتظم ہیمش اور شیروک پارٹیوں، کھانے کا انتظام کرنے والے فل وِنسر اور دی بش کیمپ ٹیم، پھولوں کے انتظام کے لیے پاؤلا پرائک، میک اَپ آرٹسٹ سارہ جین وائی اور ہیئر اسٹائلسٹ رافائل سیلی سمیت دیگر افراد کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا عروسی لباس آسکر ڈی لا رینٹا کا تھاجبکہ دلہن کی سہیلیوں کے میک اَپ کے انتظامات کے لیے بھی مختلف ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں۔
جمائما خان نے تقریب کی تصاویر بنانے پر ایڈ پیئرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
پوسٹ کے بعد صارفین اور معروف شخصیات کی جانب سے جمائما خان اور ان کے شریک حیات کو مبارک باد اور نیک خواہشات کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان اور جمائمہ خان کا تاریخی برطانوی محل فروخت کیلئے پیش
واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ کی پہلی شادی سابق وزیراعظم عمران خان سے ہوئی جس کے بعد اُن کے ہاں دو بیٹوں قاسم اور عمر کی پیدائش ہوئی تھی تاہم 20 سال پہلے جوڑے نے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنی اپنی راہیں جدا کرلی تھیں۔
راہیں جدا کرنے کے بعد عمران خان نے میزبان ریحام خان کیساتھ دوسری شادی کی تاہم یہ زیادہ عرصے نہیں چل سکی اس کے بعد انہوں نے بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کی ہے۔




