وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیول سبسڈی کے آسان حصول اور رجسٹریشن کے عمل میں عوام کو ہر ممکن رہنمائی فراہم کرنےکیلئے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنےکیلئے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔
موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان اسکیم میں شامل
اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی اسکیم پر ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف سے افتخار گیلانی کی اہم ملاقات، ریاستی مسائل حل پر اتفاق
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو سبسڈی کے حصول میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ ہو اور مستحق شہریوں کو رجسٹریشن سمیت تمام ضروری مراحل مکمل کرنے میں بھرپور معاونت فراہم کی جائے۔
رجسٹریشن کیلئے صرف چار بنیادی معلومات درکار
اجلاس کو بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم کو عوام کے لیے آسان اور قابلِ فہم بنایا گیا ہے جبکہ رجسٹریشن کے لیے صرف چار بنیادی معلومات درکار ہیں۔
ان معلومات میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، گاڑی کی رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ شامل ہیں۔
ملک بھر میں فیول سبسڈی اسکیم کا آغاز
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں اسکیم کے پائلٹ منصوبے کے افتتاح کے بعد اب پورے ملک، بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی فیول سبسڈی اسکیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے جبکہ ملک گیر سطح پر اس کے نفاذ کے لیے صوبائی حکومتیں بھرپور تعاون کررہی ہیں۔
عوامی آگاہی کیلئے بھرپور اقدامات کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو فیول سبسڈی اسکیم سے متعلق عوام میں آگاہی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اسکیم کے طریقہ کار، اہلیت اور رجسٹریشن سے متعلق معلومات آسان انداز میں فراہم کی جائیں تاکہ مستحق افراد کو اسکیم سے فائدہ اٹھانے میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
سہولت ڈیسک پر رجسٹریشن میں معاونت فراہم کی جائیگی
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سہولت ڈیسک پر موجود افراد اسکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں اور انہیں رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں ہر ممکن معاونت فراہم کریں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسکیم کے تحت اہل افراد کو سبسڈی کے حصول کے عمل میں غیر ضروری مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں۔
کم آمدنی اور متوسط طبقے کو مالی ریلیف دینے کا مقصد
پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کا مقصد خلیج میں جاری کشیدگی اور اس کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر ہونے والے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
اسکیم میں بالخصوص روزمرہ آمدورفت کے لیے موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ حکومت نے ابتدا میں اسلام آباد میں اسکیم کا پائلٹ مرحلہ شروع کیا، جس کے بعد اسے ملک کے دیگر علاقوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک توسیع دی گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شہداء کی قربانیوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر عزم دیا، وزیراعظم شہباز شریف
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ اور علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔




