بارش

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، این ڈی ایم اے نے مزید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا

آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں رم جھم کا سلسلہ جاری ہے، جہاں مختلف علاقوں میں بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی سمیت خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔

پشاور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا، دوسری جانب پنجاب کے شہروں کھاریاں، لالہ موسیٰ اور وزیر آباد میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بادلوں کی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بادل برس پڑے ہیں اور کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بادل خوب برسے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کی پیشگوئی، ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

این ڈی ایم اے کا سیکنڈ الرٹ اور متوقع صورتحال:

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 17 ستمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید شدید بارشوں کا سیکنڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق، ملک کے بالائی علاقوں، پنجاب کے مختلف اضلاع اور بالائی خیبر پختونخوا میں آئندہ چند دنوں کے دوران مزید بارشیں متوقع ہیں، جس سے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خدشہ ہے۔ ان تمام صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔