برطانیہ میں لندن سمیت تمام بڑے ایئرپورٹس پر ہزاروں پروازیں منسوخ یا معطل ہونے کے بعد دوسرے روز بھی فلائٹ آپریشن معمول پر نہ آسکا۔
ایوی ایشن اینالیٹکس فرم ’سیریم‘ کے مطابق منگل کو1,750 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ بدھ مزید 153 پروازیں منسوخ کردی گئیں، جس سے نہ صرف لاکھوں مسافر متاثر ہوئے بلکہ ایئرلائنوں کو بھی لاکھوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کی لندن کے لیے پروازیں 6 سال بعد بحال، مسافروں کو لے کر پہلا طیارہ روانہ
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق پروازیں گزشتہ روز معطل ہونا شروع ہوئیں جس کی بنیادی وجہ ایئر ٹریفک کنٹرول نظام میں خرابی کو قرار دیا گیا۔
خرابی باعث کئی گھنٹوں تک برطانیہ کی فضائی حدود میں پروازیں شدید متاثر رہیں۔ ایئرپورٹس نے بدھ کی صبح پروازیں بحال کرنا شروع کیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ معمول کی پروازیں بحال ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔
خبررساں ادارے برطانوی ٹرانسپورٹ وزیر ہیڈی الیگزینڈر نے ایئر ٹریفک کنٹرول فراہم کرنے والے ادارے ’نیٹس‘ (NATS) کے سربراہ مارٹن رولف کو طلب کرلیا ہے تاکہ ان سے خرابی کی وجوہات اور نظام کی کارکردگی کے بارے میں وضاحت لی جا سکے۔
ہیڈی الیگزینڈر نے کہا کہ وہ اس بات کی یقین دہانی چاہتی ہیں کہ اس واقعے سے سبق سیکھا جائے گا اور ہوا بازی کے نظام کو سپورٹ کرنے والے ٹیکنالوجی اور انفرااسٹرکچر قابلِ اعتماد ہیں۔
نیٹس کے سربراہ مارٹن رولف نے متاثرہ مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ خرابی سائبر حملے کے باعث نہیں ہوئی۔
انہوں نے مسئلے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اولین ترجیح مسافروں کی حفاظت ہے۔
برطانیہ کے مصروف ترین ایئرپورٹ ہیتھرو نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں، کیونکہ منگل کی خرابی کے باعث پروازوں کے شیڈول متاثر ہوئے ہیں۔
گیٹ وک ایئرپورٹ نے بھی مسافروں کو یہی مشورہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امرتسر ایئرپورٹ پر مشتبہ ڈرون ، بھارتی حکام کی دوڑیں، پروازوں کا روٹ تبدیل
رائن ایئر کے مطابق منگل کو اس کی تقریباً 1 لاکھ 50 ہزار مسافر متاثر ہوئے اور 200 سے زائد پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، جبکہ برٹش ایئرویز نے 100 پروازیں منسوخ یا متبادل ایئرپورٹس کی جانب موڑ دیں۔
برطانیہ میں اتنے بڑے پیمانے پر پروازیں معطل ہونے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل اگست 2023 میں بھی ایئر ٹریفک کنٹرول نظام میں خرابی کے باعث پروازوں کی منسوخی سے ایئرلائنز کو تقریباً 100 ملین پاؤنڈ کا نقصان ہوا تھا۔




