دانش اسکول اتھارٹی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ، بھرتیوں سمیت اہم فیصلے

اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت دانش اسکول اتھارٹی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں دانش اسکول اتھارٹی کی تنظیم نو، افرادی قوت میں بہتری، مالی اثرات، انتظامی و حکمرانی کے نظام اور ادارہ جاتی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں دانش اسکولوں کی آئندہ 5 سے 10 سال تک مالی پائیداری یقینی بنانے، اساتذہ کی تربیت، تدریسی معیار میں بہتری اور اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد کے لیے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے دانش سکول حویلی کے وفد کی ملاقات، تعمیراتی امور کا تفصیلی جائزہ

سیکرٹری تعلیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دانش اسکول کا بنیادی تصور مستحق اور غریب طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس مقصد کے تحت طلبہ و طالبات کو تعلیم کے ساتھ رہائش، خوراک اور دیگر ضروری سہولیات بھی بلا معاوضہ فراہم کی جاتی ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہدایت کی کہ دانش اسکولوں میں اساتذہ کی بھرتی طلبہ و اساتذہ کے مناسب تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے تاکہ تدریسی معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق دانش اسکول غریب اور مستحق بچوں کو ایچی سن کالج کے معیار کی تعلیم فراہم کرنے کا ذریعہ بنیں گے۔

احسن اقبال نے کہاکہ دانش اسکول پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ معیاری تعلیم کے ذریعے ان علاقوں کے بچوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں اور ان علاقوں کی تقدیر بدلی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:ای سی سی اجلاس، دانش سکولوں، کشمیری مہاجرین کیلئے اربوں روپے منظور

اجلاس میں دانش اسکولوں کے لیے درکار افرادی قوت کا ازسرنو جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ ضروریات کے مطابق مناسب اور مؤثر انتظامی و تدریسی عملہ یقینی بنایا جا سکے۔