وادی لیپہ(کشمیر ڈیجیٹل)انجمن تاجران لیپہ، ٹرانسپورٹ یونین لیپہ اور عوام نے 9 ستمبر کو کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے اس سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
مقامی تاجر برادری، ٹرانسپورٹرز اور شہریوں کی جانب سے جاری مؤقف کے مطابق وادیٔ لیپہ میں 9 ستمبر کو کاروباری مراکز اور دکانیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی، جبکہ ٹرانسپورٹ سروس بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے پولیس اور فوج پر مبینہ حملے، شہریوں کاشدید ردِعمل
انجمن تاجران، ٹرانسپورٹ یونین اور عوام نے واضح کیا ہے کہ وہ مذکورہ ہڑتال کی کال کا حصہ نہیں بنیں گے۔مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ وادی لیپہ کے عوام پہلے ہی جغرافیائی مشکلات، محدود سفری سہولیات اور معاشی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
ایسے میں بار بار کی ہڑتالوں اور پہیہ جام کی صورتحال سے عام شہریوں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔تاجروں کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کی بندش سے براہِ راست مالی نقصان ہوتا ہے، جبکہ روزمرہ ضرورت کی اشیاء کی فراہمی اور شہریوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوتی ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پہیہ جام سے طلبہ، مریضوں اور دیگر ضروری کاموں کے لیے سفر کرنے والے افراد کو بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔انجمن تاجران لیپہ اور ٹرانسپورٹ یونین نے اپنے فیصلے میں کاروباری اور ٹرانسپورٹ سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی ، تاجرتنظیم کا کالعدم ایکشن کمیٹی سے مکمل لاتعلقی کا اعلان
دوسری جانب مقامی عوام نے بھی ہڑتال کی کال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے معمولاتِ زندگی برقرار رکھنے کی حمایت کی ہے۔مقامی تاجروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے احتجاج کے بجائے مؤثر مذاکرات اور پُرامن طریقہ اختیار کیا جانا چاہیے تاکہ علاقے میں کاروباری سرگرمیاں اور معمولاتِ زندگی متاثر نہ ہوں۔




