سری لنکا کے نوجوان جیولین تھروور رومیش تھارانگا پتھیراگے نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے برسلز میں ڈائمنڈ لیگ فائنل کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے اپنے ملک کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے۔
کنگ بوڈوئن اسٹیڈیم میں ہفتے کو ہونے والے جیولین تھرو کے فائنل میں رومیش نے تیسرے راؤنڈ میں 89.04 میٹر کی شاندار تھرو پھینکی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کامن ویلتھ گیمز: دفاعی چیمپئن ارشد ندیم باہر، سری لنکا نے گولڈ میڈل جیت لیا
اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے نہ صرف مقابلہ اپنے نام کیا بلکہ عالمی سطح پر سری لنکا کیلئے بھی ایک نئی تاریخ رقم کردی۔
مقابلے میں پولینڈ کے ڈیوڈ ویگنر نے 87.47 میٹر کی تھرو کے ساتھ رومیش کو پیچھے چھوڑنے کی بھرپور کوشش کی ۔
سری لنکن ایتھلیٹ نے فوری طور پر بہترین جواب دیتے ہوئے 89.04 میٹر کی تھرو پھینکی اور دوبارہ برتری حاصل کرلی۔
رومیش نے مقابلے کے اختتام تک اپنی پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے گولڈ میڈل یقینی بنالیا۔
ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے سابق اولمپک چیمپیئن کیشورن والکوٹ 83.99 میٹر کی تھرو کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
گریناڈا کے دو مرتبہ کے عالمی چیمپیئن اینڈرسن پیٹرز نے 83.70 میٹر کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
تاریخی کامیابی کے بعد رومیش تھارانگا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا جیسے نسبتاً چھوٹے ملک سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ کیلئے دنیا کے بڑے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنا انتہائی قابلِ فخر لمحہ ہے۔
تاہم، نوجوان ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ وہ اس سے بھی بہتر کارکردگی پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کے مطابق برسلز میں موسم سرد ہونے کے باعث حالات آسان نہیں تھے، اسی وجہ سے وہ اپنی بہترین تھرو کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
رومیش کی حالیہ فارم پر نظر ڈالی جائے تو ان کی کارکردگی میں مسلسل بہتری اور غیر معمولی تسلسل نمایاں ہے۔
رواں سیزن کے آغاز میں گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں انہوں نے گولڈ میڈل جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔
تاہم ان کے کیریئر کی سب سے نمایاں کارکردگی جون میں روم میں ہونے والی ڈائمنڈ لیگ کے دوران سامنے آئی، جہاں انہوں نے 92.62 میٹر کی زبردست تھرو پھینک کر سری لنکا کا نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔ اس شاندار کارکردگی کے وقت یہ دنیا کی سب سے طویل جیولین تھرو بھی تھی۔
کامن ویلتھ گیمز اور اب ڈائمنڈ لیگ فائنل میں مسلسل کامیابیوں نے رومیش کو عالمی جیولین تھرو کے نمایاں ایتھلیٹس کی صف میں لاکھڑا کیا ہے۔
ان کی موجودہ فارم نے آئندہ ہونے والے بڑے مقابلوں میں ان کے امکانات کو مزید روشن کردیا ہے۔
اب رومیش کی نظریں جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز پر مرکوز ہیں، جہاں ان کا سامنا پاکستان کے اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم سے متوقع ہے۔
بھارت کے اسٹار جیولین تھروور اور اولمپک چیمپیئن نیرج چوپڑا انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہیں، جس کے بعد رومیش اور ارشد ندیم کے درمیان مقابلے کو ایشیائی سطح پر سب سے زیادہ توجہ حاصل ہونے والے مقابلوں میں شمار کیا جارہا ہے۔
رومیش کی موجودہ شاندار فارم اور ارشد ندیم کا عالمی معیار کا تجربہ اس متوقع مقابلے کو مزید سنسنی خیز بنا رہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ویمن ٹی 20 ایشیا کپ : بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست
ایشین گیمز میں دونوں اسٹار ایتھلیٹس کی ممکنہ ٹکر جیولین تھرو کے شائقین کے لیے ایک انتہائی دلچسپ مقابلہ ثابت ہوسکتی ہے۔




