مقبوضہ کشمیر کے سری نگر ایئرپورٹ پر ممبئی سے آنے والی بھارتی ایئرلائن انڈیگو کی پرواز پارکنگ کے دوران ویژول ڈاکنگ گائیڈنس سسٹم کے کھمبے سے ٹکرا گئی، تاہم حادثے میں طیارے میں سوار تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے۔
رپورٹس کے مطابق انڈیگو کی پرواز 6E-225 ممبئی سے سری نگر پہنچی تھی۔ لینڈنگ کے بعد طیارہ پارکنگ ایریا کی جانب بڑھ رہا تھا کہ اس دوران ویژول ڈاکنگ گائیڈنس سسٹم کے کھمبے سے ٹکرا گیا۔
ویژول ڈاکنگ گائیڈنس سسٹم ایئرپورٹس پر طیاروں کو پارکنگ کے دوران درست سمت اور مقررہ مقام تک پہنچنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
مذکورہ نظام کے کھمبے پر لیزر سینسرز اور ڈسپلے یونٹ نصب ہوتے ہیں، جن کے ذریعے پائلٹ کو طیارے کی پوزیشن اور پارکنگ کی سمت سے متعلق رہنمائی ملتی ہے۔حادثہ صبح تقریباً 9 بج کر 2 منٹ پر پیش آیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایتھنز : ائیرشو کے دوران یونانی جنگی طیارہ گرکر تباہ، 2 پائلٹس ہلاک
بتایا گیا ہے کہ واقعے میں ایئر بس A321 طیارے کے اگلے حصے، جسے ’نوز کون‘ کہا جاتا ہے، کو نقصان پہنچا۔ مذکورہ طیارہ تقریباً چار ماہ قبل انڈیگو کے فضائی بیڑے میں شامل کیا گیا تھا۔
حادثے کے باوجود طیارے میں موجود مسافروں اور عملے کے ارکان کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ تمام افراد کو معمول کی سیڑھیوں کے ذریعے طیارے سے اتارا گیا اور کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
واقعے کے بعد ایئرپورٹ حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ پارکنگ کے دوران طیارہ ویژول ڈاکنگ گائیڈنس سسٹم کے کھمبے سے کس طرح ٹکرایا اور حادثے کی وجوہات کیا تھیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:23 سالہ خاتون پائلٹ نے طیارہ سمندر میں بحفاظت اتار لیا
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔




